یو ای ٹی میں ٹیچرز ڈے کی تقریب کا انعقاد

یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور میں ٹیچنگ سٹاف ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام عالمی یوم اساتذہ کے موقع پر خصوصی تقریب کیمیکل سیمینار ہال میں منعقد ہوئی، جس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی

لاہور۔5اکتوبر (اے پی پی):یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور میں ٹیچنگ سٹاف ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام عالمی یوم اساتذہ کے موقع پر خصوصی تقریب کیمیکل سیمینار ہال میں منعقد ہوئی، جس میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں اساتذہ کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا جبکہ وائس چانسلر نے نمایاں تدریسی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ میں بیسٹ ٹیچرز ایوارڈز بھی تقسیم کیے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر نے اساتذہ کو عالمی یوم اساتذہ پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی یونیورسٹی کی اصل طاقت اس کے اساتذہ ہوتے ہیں۔ استاد صرف نصاب مکمل کرنے والا فرد نہیں بلکہ طلبہ کی علمی، فکری، اخلاقی اور پیشہ ورانہ تربیت میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جدید دور میں جامعات کی ترقی اور عالمی سطح پر مسابقت کے لیے معیاری تدریس، تحقیق اور مسلسل پیشہ ورانہ تربیت ناگزیر ہے۔ انہوں نے اس موقع پر ایسوسی ایٹ پروفیسر اور پروفیسر کیڈر کے لیے سلیکشن بورڈز کے انعقاد کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اساتذہ کی ترقی اور کیریئر پروگریشن یونیورسٹی کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں لیکچرر سے اسسٹنٹ پروفیسر اور اسسٹنٹ پروفیسر سے ایسوسی ایٹ پروفیسر کی ترقیوں کا عمل مکمل کیا جاچکا ہے جبکہ دوسرے مرحلے میں ایسوسی ایٹ پروفیسر اور پروفیسر کی پوسٹوں کے لیے سلیکشن بورڈز کا انعقاد بھی عنقریب کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ترقی کے شفاف اور میرٹ پر مبنی مواقع اساتذہ کے حوصلے بلند کرنے کے ساتھ ساتھ یونیورسٹی میں تدریس اور تحقیق کے معیار کو بہتر بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اساتذہ اپنی علمی و تحقیقی سرگرمیوں کو مزید وسعت دیں گے اور یونیورسٹی کی قومی و بین الاقوامی درجہ بندی اور علمی وقار میں اضافے کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔ پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے جدید تدریسی طریقہ کار کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں صرف روایتی لیکچر کافی نہیں بلکہ اساتذہ کو جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل لرننگ پلیٹ فارمز، مصنوعی ذہانت، ملٹی میڈیا وسائل، انٹرایکٹو تدریسی تکنیکوں اور جدید اسیسمنٹ ٹولز سے بھی استفادہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت اور دیگر جدید ٹیکنالوجیز کو تدریس کا متبادل نہیں بلکہ استاد کی معاون قوت کے طور پر استعمال کیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ جدید تعلیم کا مرکز طلبہ کی محض معلومات میں اضافہ نہیں بلکہ ان میں تنقیدی سوچ، مسئلہ حل کرنے کی صلاحیت، تخلیقی فکر، تحقیق کا ذوق اور عملی زندگی کے لیے ضروری مہارتیں پیدا کرنا ہے۔ اس مقصد کے لیے اساتذہ کو طلبہ کی ضروریات اور بدلتے ہوئے تعلیمی تقاضوں کے مطابق اپنی تدریسی حکمت عملیوں کو مسلسل بہتر بنانا ہوگا۔

وائس چانسلر نے کہا کہ بہترین استاد وہ ہے جو اپنے مضمون پر عبور رکھنے کے ساتھ ساتھ طلبہ کو سوال کرنے، تحقیق کرنے اور نئے خیالات پیش کرنے کی ترغیب دے۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ کلاس روم کو محض لیکچر دینے کی جگہ علمی مکالمے، تحقیق اور تخلیقی سوچ کا مرکز بنائیں۔پروفیسر ڈاکٹر محمد شعیب نے کہا کہ اساتذہ کی ترقی کے لیے سلیکشن بورڈز کے انعقاد کا اعلان بھی ایک مثبت پیش رفت ہے اور اس سے فیکلٹی کے کیریئر میں آگے بڑھنے کے مواقع پیدا ہوں گے۔ ٹیچنگ سٹاف ایسوسی ایشن یونیورسٹی کی بہتری، تعلیمی معیار کے فروغ اور اساتذہ کے جائز حقوق کے لیے انتظامیہ کے ساتھ تعمیری تعاون جاری رکھے گی۔تقریب میں اساتذہ نے بھی عالمی یوم اساتذہ کی مناسبت سے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور تدریس کے شعبے میں پیشہ ورانہ ذمہ داریوں، تحقیق کے فروغ اور طلبہ کی بہتر تربیت کے عزم کا اظہار کیا۔ تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر نے نمایاں تدریسی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے اساتذہ میں بیسٹ ٹیچرز ایوارڈز تقسیم کیے۔تقریب میں یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے اساتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔