پشاور۔ 24 جولائی (اے پی پی):یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پشاورکے شعبہ مکینیکل انجینئرنگ اور فرنٹیئر فائونڈری سٹیل(ایف ایف سٹیل) پرائیوٹ لمیٹڈ کے درمیان مفاہمتی یاداشت پر دستخط ہو گئے ۔پروفیسر ڈاکٹر قیصر علی،وائس چانسلر یو ای ٹی پشاور اور محمد خرم شہزاد، چیف ہیومن ریسورس آفیسر( سی ایچ آر او)ایف ایف سٹیل نے صنعت اور تعلیمی روابط کو فروغ دینے کیلئے مفاہمتی یاداشت پر دستخط یونیورسٹی کے کانفرنس ہال میں کیے۔ ڈائریکٹر اوریک یو ای ٹی پشاور ڈاکٹر نصرومن اللہ نے شرکا کو معاہدے کے حوالے تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ معاہدے کا مقصد انڈسٹری میں ریسرچ کلچر کو فروغ دینا ہے۔
دونوں فریقین نے اکیڈیمیا اور انڈسٹری کو فروغ دینے کے لیے پیشہ ورانہ اور ہنر مندپروگراموں کے انعقاد کے لیے تعاون کرنے پر اتفاق کیا۔معاہدے کے تحت انجینئرنگ یونیورسٹی کے طلباکو ایف ایف سٹیل میں انٹرن شپ کے مواقع، ٹرینی انجینئرزپروگرامز، کیرئیرکونسلنگ ودیگر شعبوں میں معاونت فراہم کرنا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر قیصر علی یو ای ٹی پشاور نے اکیڈیمیا اور انڈسٹری کے مابین روابط کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے ایف ایف سٹیل کے نمائندوں کو خوش آمید کہا۔ انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں اکیڈیمیا اور انڈسٹری کے مابین روابط نہایت مضبوط ہوتے ہیں لیکن بد قسمتی سے پاکستان میں صنعت اور تعلیم کے درمیان فاصلے زیادہ ہے جس کیلئے کام کرنے کی اشد ضرورت ہے تاکہ تعلیمی اداروں کی تحقیق سے صنعت کو فائدہ پہنچے اور انڈسٹری سے اکیڈیمیا کو اور خصوصاً طلبا کو فائدہ ہو۔ انہوں انڈسٹری میں طلبا کیلئے انٹرن شپ، سکالرشپ اور پریکٹیکل ٹرینگ کے مواقع پیدا کرنے پر زور دیا۔انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک کی طرح پاکستان میں بھی انڈسٹری کو جامعات میں لیبارٹریز و دیگر سہولیات فراہم کرنی چاہیے جس سے انڈسٹری اور اکیڈیمیا دونوں مستفید ہوں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس معاہدے کے جلد اچھے نتائج سامنے آئیں گے۔
محمد خرم شہزاد، چیف ہیومن ریسورس آفیسر ( سی ایچ آر او)ایف ایف سٹیل نے انجینئرنگ پشاور اکیڈیمیا اور انڈسٹری کے مابین انٹرن شپ اور مشترکہ منصوبوں جیسے باہمی اقدامات کیلئے کام کرنے کا عزم کیا۔انہوں نے کہا کہ ایف ایف سٹیل کی ملک بھر میں کئی پروڈکشن یونٹس ہیں جس سے استفادہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ہم زیادہ تر یو ای ٹی پشاور کے گریجویٹس کو ہی لیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری تکنیکی ٹیم جلد انجینئرنگ یونیورسٹی کے حکام سے ملاقات کرے گی اور ایسے شعبوں کی نشاندہی کرےگی جہاں پر ہمیں چیلنجز کا سامنا ہے تاکہ اس میں بہتری لائی جا سکے۔ڈائریکٹر بورڈ آف ایڈوانسڈ سٹڈیز اینڈ ریسرچ،یو ای ٹی پشاور پروفیسر ڈاکٹر حمید اللہ نے کہاکہ اکیڈیمیا اور انڈسٹری کے مابین روابط ناگزیر ہے۔ انہوں بتایا کہ ہمارے تمام شعبوں میں انڈسٹریل ایڈ وائزری بورڈ موجود ہے جو انڈسٹری کے ساتھ روابط کو فروغ دینے کیلئے مصروف عمل رہتا ہے۔ انہوں کہا کہ اس طرح کے معاہدے بامقصد ہونے چاہیے تاکہ دونوں اداروں کو اس کا پھل ملے۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر رضوان محمود گل،ڈین فیکلٹی آف مکینیکل، کیمیکل اینڈ انڈسٹریل انجینئرنگ، پروفیسر ڈاکٹر سراج الاسلام، ڈین آرکیٹکچراینڈ الائیڈ سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر مصباح اللہ، ایڈوائزر فنانس،پروفیسر ڈاکٹر افضل خان، پروفیسر ڈاکٹر عبدالشکور، ڈاکٹر شوکت علی شاہ (شعبہ مکینیکل انجینئرنگ)، سمیت انجینئرنگ یونیورسٹی اور ایف ایف سٹیل کے دیگر سینئر حکام بھی موجود تھے۔