یو بی جی نے ایف پی سی سی آئی الیکشن کے لیے عاطف اکرام کو بطور صدر اور عارف جیوا کو سینئر نائب صدر کا امیدوار نامزد کر دیا

67

لاہور۔5اگست (اے پی پی):فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی ) کے سالانہ انتخابات کیلئے یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی)نے اسلام آباد سے تجربہ کار تاجر رہنما عاطف اکرام کو صدارتی امیدوار اور کراچی سے عارف جیوا کو بطور سینئر نائب صدر امیدوار نامزد کر دیا ہے۔ جمعہ کو یہاں چیئرمین یو بی جی شہزاد علی ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر کے سرکردہ تاجر رہنماو ں پر مشتمل 20 رکنی کور کمیٹی کا میراتھن اجلاس منعقد ہوا ،جس میں صدر، سینئر نائب صدر اور نائب صدور بشمول خواتین کی تمام نشستوں کے لیے امیدواروں کی نامزدگی پر غور کیا گیا۔ نامزدگی سے قبل امیدواروں کے ناموں پر تمام رہنماو ں کی رائے لی گئی اور انتخابی عمل کے پہلے مرحلے میں صدر اور سینئر نائب صدر کے عہدوں کے لیے عاطف اکرام اور عارف جیوا کا انتخاب جمہوری انداز میں اتفاق رائے سے عمل میں لایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ یو بی جی کی صوبائی سطح کی سکروٹنی کمیٹیوں نے صدر، سینئر نائب صدر اور نائب صدور کے عہدوں کے لیے الیکشن لڑنے والے بہترین امیدواروں کو ٹکٹ دینے کے لیے اپنی سفارشات کور کمیٹی کو پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ نائب صدور کی نشستوں کے ممکنہ امیدواروں کے ناموں کا اعلان مزید غور و خوض اور صوبائی اور مقامی رہنماو ں سے مشاورت کے بعد جلد ہی کیا جائے گا جن میں خاتون نائب صدر بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سے 3 امیدواروں کو نامزد کیا جائے گا جبکہ لاہور سے ایک امیدوار لیا جائے گا۔ شہزاد علی ملک نے کہا کہ تاجر برادری کی خدمت کے جذبے سے سرشار اعلی تعلیم یافتہ نوجوان امیدواروں کو بغیر کسی پسند و ناپسند کے، صرف میرٹ پر ٹکٹ دیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ روٹیشن پالیسی کے تحت صدر کا تعلق وفاقی علاقے سے ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یو بی جی کی 12 رکنی کمیٹی 20 اگست کو کراچی کا دورہ کرے گی تاکہ نائب صدور کے لیے تین امیدواروں کے حتمی انتخاب کے لیے مقامی قیادت سے مزید مشاورت کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ یو بی جی فیڈریشن کے الیکشن میں کلین سویپ کرے گا کیونکہ کاروبار دوست پالیسیوں، جمہوریت کی بالادستی اور کاروباری برادری کے وسیع تر مفاد میں اتفاق رائے سے تمام اہم فیصلے لینے کی وجہ سے یو بی جی کو 85 فیصد بزنس کمیونٹی کی حمایت حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم قانون کی حکمرانی، جمہوری نظام کے فروغ اور تاجروں کے مفادات کا تحفظ کرتے ہوئے قومی معیشت کی مضبوطی پر پختہ یقین رکھتے ہیں۔ شہزاد ملک نے کہا کہ یو بی جی تاجروں اور حکومت کے درمیان ایک پل کا کام کرے گا اور تاجر برادری کے مفادات کا خیال رکھنے کے ساتھ ساتھ قومی مفاد کے تحفظ کے لیے تمام تر کوششیں ہماری اولین ترجیح ہوں گی۔