برسلز۔16مئی (اے پی پی):یورپی یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ میں پاکستان کے سفیر رحیم حیات قریشی نے حالیہ بھارتی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ یکطرفہ کارروائیوں سے قانون کی حکمرانی کو جنگل کے قانون سے بدلنے کا خطرہ ہے، ہم یہ اجازت نہیں دے سکتے کہ ریاستیں خود ہی مدعی، منصف اور جلاد بن جائیں۔
"یورو نیوز ” سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستانی سفیر نے حالیہ بھارتی جارحیت کی مذمت کی اور خبردار کیا کہ یکطرفہ اقدامات سے قانون کی حکمرانی کو جنگل کے قانون سے بدلنے کا خدشہ پایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین عالمی نظام کے ستونوں میں سے ایک ہے جسے ہم قواعد و ضوابط پر مبنی نظام کہتے ہیں۔
انہوں نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے حوالے سے کہا کہ یہ واقعہ صرف بھارت اور پاکستان کے درمیان نہیں بلکہ یہ اس سے کہیں زیادہ بڑا واقعہ تھا۔ سفیر نے کہا کہ یہ یکطرفہ پن کے مقابلہ میں کثیرالجہتی نظام کا معاملہ ہے۔ سفیر رحیم حیات قریشی نے واضح کیا کہ یہ قانون کی حکمرانی اور بین الاقوامی قوانین کی پیروی کرنے والی ریاستوں اور جنگل کے قانون کو ماننے والی ریاستوں کا معاملہ ہے۔
انہوں نے دوٹوک طور پر کہا کہ ہم یہ اجازت نہیں دے سکتے کہ ریاستیں خود ہی جج، جیوری اور جلاد بن جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایسے میزائل حملوں کی اجازت نہیں دے سکتے، یہ پہلا موقع ہے کہ دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان میزائل حملے ہوئے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=597924