یکم اپریل سے ایل پی جی گیس کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری،آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی

218
Ogra
Ogra

اسلام آباد۔31مارچ (اے پی پی):آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی(اوگرا) نے یکم اپریل 2024 سے ایل پی جی گیس کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے ۔ اوگرا کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق یکم اپریل 2024 سے 11.8کلو سلنڈر کی قیمت 2954.03روپے ہو گی جبکہ مارچ 2024 میں اس کی قیمت3030.12 روپے تھی اس طرح مارچ کے مقابلہ میں اپریل کے لیے ایل پی جی گیس کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 76.09 روپے کمی کی گئی ہے ۔

اوگرا نے کہا ہے کہ ایل پی جی کی پروڈیوسر پرائس سعودی آرامکو اور ڈالر کی شرح تبادلہ کے تناظر میں مقرر کی گئی ہے ۔ گزشتہ ماہ کے مقابلہ میں آرامکو نے قیمت میں 2.8فیصد کمی کی ہے جبکہ ڈالر کی شرح تبادلہ بھی 0.25فیصد کمی ہوئی ہے جس کے باعث ایل پی جی کے 11.8کلو سلنڈر کی قیمت میں 76.09روپے یعنی 2.5فیصد کی کمی ہوئی ہے ۔ اس طرح ایل پی جی کی فی کلو صارف قیمت میں 6.44 روپے کی کمی ہوئی ہے ۔