یکم جنوری سے آن لائن ویزے جاری ہوں گے، 16 فروری کا نواز شریف کا پاسپورٹ کینسل کر دیں گے، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو

87

اسلام آباد۔30دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ یکم جنوری سے آن لائن ویزے جاری ہوں گے، 16 فروری کا نواز شریف کا پاسپورٹ کینسل کر دیں گے، اقامے والے اور منی لانڈررز بے نقاب ہو رہے ہیں اس لئے واویلا کر رہے ہیں کہ ہم سے انتقام لیا جا رہا ہے، مذاکرات کے دروازے کھلے ہیں جس نے بات کرنی ہے آ جائے، ایف۔13 میں کم آمدن والے طبقات کو رہائشی سہولیات فراہم کی جائیں گی، سی ڈی اے کے کنٹریکٹ ملازمین کو کنفرم کیا جائے گا۔ بدھ کو سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کے پرانے سیکٹرز کو بہتر بنانے کے ساتھ ساتھ کم آمدن والے اور مزدور طبقہ کیلئے ایف۔13 سیکٹر میں رہائشی سہولیات اور فلیٹس فراہم کئے جائیں گے، 2 مارچ کو اس منصوبہ کا افتتاح کیا جائے گا جبکہ ایف سکس اور ایف سیون کی کچی آبادیوں کیلئے آئی نائن اور فراش ٹائون میں فلیٹس اور رہائشی سہولیات فراہم کی جائیں گی، سی ڈی اے کے تمام کنٹریکٹ ملازمین کو فی الفور کنفرم کرنے کا اعلان کرتا ہوں، اسلام آباد میں 240 پارکس کو دو ماہ کے اندر بحال کیا جائے گا اور ان کی تزئین و آرائش کی جائے گی، وزارت داخلہ یکم جنوری سے افغانستان اور چین سمیت مختلف ممالک کیلئے آن لائن ویزا شروع کرے گی، اس سلسلہ میں بہت سی شکایات ملتی تھیں اور اب ان شکایات کا ازالہ ہو گا، 191 ملکوں کے شہریوں کو آن لائن ویزا ملے گا، لیڈیز کلب اور کلچرل کمپلیکس بحال کئے جائیں گے، سی ڈی اے کی مزدور یونین سے جلد ملاقات کروں گا اور ان کے مسائل سنوں گا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ آئی جے پی روڈ کا کام فوری شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، سیونتھ ایونیو سمیت اس پر مختلف انٹرچینجز بنیں گے، اسلام آباد ایکسپریس وے کا کام بھی تیز کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ جمعہ کو پشاور کے دورہ میں سیاسی صورتحال پر تفصیل سے تبادلہ خیال کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انہوں نے جو دعویٰ کیا تھا اﷲ کی مہربانی سے وہ پورا ہوا، پاکستان پیپلز پارٹی سینٹ کے الیکشن میں حصہ لے رہی ہے، ضمنی الیکشن بھی لڑے گی، اقامے لینے والے تمام منی لانڈررز ایکسپوز ہو گئے ہیں، اقامے لینے کا مطلب یہ ہے کہ ان کو اپنی دھرتی پر اعتماد نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ 16 فروری کو نواز شریف کا پاسپورٹ کینسل کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سارے چور اکٹھے ہو چکے ہیں، ان کے اکائونٹس سے پیسے نکلتے ہیں اور یہ ان کو برداشت نہیں ہے، جب یہ ایکسپوز ہو رہے ہیں تو واویلا کر رہے ہیں کہ ہم سے انتقام لیا جا رہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کا خطرہ بدستور موجود ہے، اسلام آباد میں موٹر سائیکل سواروں پر مشتمل ایگل سکواڈ متعارف کرائیں گے، ای سی سی جلد اس کی منظوری لی جائے گی۔ اپوزیشن جماعتوں سے مذاکرات کے حوالہ سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مذاکرات کیلئے ہمارے دروازے کھلے ہیں، جنہوں نے مذاکرات کرنے ہیں وہ آ جائیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں صحافیوں کیلئے رہائشی منصوبہ شروع کیا جائے گا، جن صحافیوں کو پہلے پلاٹ ملے ہیں ان کو نہیں ملیں گے، اسلام آباد میں جرائم کی صورتحال پر میری نظر ہے، پولیس ناکے ختم کر دیئے ہیں کیونکہ ان ناکوں پر آدھا آدھا گھنٹہ لوگ خوار ہوتے تھے، تلاشیاں لی جاتی تھیں اور تنگ کیا جاتا تھا۔