وفاقی وزیر سردار اویس احمد خان لغاری کا تمام وزرائے اعلیٰ کو جولائی 2025 سے بجلی کے بلوں سے بجلی ڈیوٹی کی وصولی ختم کرنے کے فیصلے سے آگاہ کرنے کیلئے خط

31

اسلام آباد۔30جون (اے پی پی):وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس احمد خان لغاری نے تمام وزرائے اعلیٰ کو جولائی 2025ء سے بجلی کے بلوں سے بجلی ڈیوٹی کی وصولی ختم کرنے کے فیصلے سے آگاہ کرنے کیلئے خط لکھ دئیے ہیں۔پیر کو وزارت پاور ڈویژن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اپنے خطوط میں وفاقی وزیر نے مختلف چارجز، ٹیکسز اور ڈیوٹیز کی وجہ سے صارفین کے بلوں میں پیدا ہونے والی پیچیدگی ختم کرنے کے لیے وزرائے اعلیٰ سے تعاون کی درخواست کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بجلی کے مہنگے نرخ پہلے ہی ایک بڑا مسئلہ ہیں اور اس پر مختلف محصولات کا اضافی بوجھ بلوں کو مزید پیچیدہ بناتا ہے جس سے صارفین کے لیے اپنے بجلی کے اخراجات کو سمجھنا اور سنبھالنا مشکل ہو جاتا ہے۔وفاقی وزیر نے اپنے خطوط میں وفاقی حکومت کی جانب سے بجلی کے نرخوں میں کمی کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی جن میں نجی پاور کمپنیوں سے معاہدوں پر دوبارہ بات چیت، سرکاری پاور پلانٹس کے منافع میں کمی اور دیگر اصلاحات شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کے ساتھ ساتھ حکومت بجلی کے بلوں کو سادہ بنانے کے لیے بھی پرعزم ہے تاکہ یہ صرف بجلی کے استعمال کی اصل لاگت کو ظاہر کریں اور انہیں مختلف قسم کی رقوم کی وصولی کا ذریعہ نہ بنایا جائے۔سردار اویس احمد خان لغاری نے اپنے خط میں لکھا کہ اس مقصد کے حصول کیلئے ہم صارفین کے بلوں سے غیر متعلقہ چارجز کو ختم کرنے پر غور کر رہے ہیں۔اسی سلسلے میں پاور ڈویژن نے فیصلہ کیا ہے کہ جولائی 2025ء سے بجلی کے بلوں سے بجلی ڈیوٹی کی وصولی بند کر دی جائے گی، ہم صوبائی حکومتوں سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ صوبائی ٹیکسز اور ڈیوٹیز کی وصولی کے لیے متبادل ذرائع تلاش کریں اور بجلی کے بلوں کو اس مقصد کے لیے استعمال نہ کریں۔

انہوں نے اعتماد کا اظہار کیا کہ اس اقدام سے نہ صرف بجلی کے بل زیادہ شفاف اور سمجھنے میں آسان ہوں گے بلکہ صارفین مختلف چارجز کی بجائے صرف بجلی کی اصل قیمت ادا کریں گے۔وفاقی وزیر نے تمام وزرائے اعلیٰ سے درخواست کی کہ وہ اس اقدام کو کامیاب بنانے کے لیے متبادل محصولات کے ذرائع کی نشاندہی اور ان کے نفاذ میں بھرپور تعاون کریں۔