یکم جولائی 2023 تک نئی ووٹرز لسٹ تیار کی جائے ،وفاقی وزیر احسن اقبال

77
یکم جولائی 2023 تک نئی ووٹرز لسٹ تیار کی جائے ،وفاقی وزیر احسن اقبال

اسلام آباد۔3اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے اہم اسٹیک ہولڈرز پاکستان بیورو آف سٹیٹسٹکس (پی بی ایس) اور نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایک مسودہ تیار کریں جس کی سمری مشترکہ مفادات کونسل اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کو سمری بھیجی جائے تاکہ 2023 میں پہلی ڈیجیٹل مردم شماری کا انقعاد کیا جا سکے۔

وفاقی وزیر نے یہ ہدایات بدھ کو پائلٹ ڈیجیٹل مردم شماری کی تکمیل کے بعد ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ اجلاس میں چیف شماریات اور ڈائریکٹر جنرل نادرا نے شرکت کی۔

اجلاس میں چیف شماریات نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ ڈیجیٹل پائلٹ مردم شماری بدھ کو مکمل ہو گئی ہے اور مجموعی طور پر یہ کامیاب رہی۔ اس حوالے سے آئندہ ہفتے وفاقی وزیر کو تفصیلی پریزنٹیشن دی جائے گی۔

اجلاس کے دوران ڈی جی نادرا نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ مردم شماری کے لئے استعمال ہونے والے جدید ٹیبلایڈ کی پہلی کھیپ 20 اگست کو چین سے پاکستان پہنچائی جائے گی اور اس کے بعد مردم شماری کے لیے عملے کی تربیت شروع کر دی جائے گی۔

وفاقی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ وہ ٹریننگ کی آزادانہ تصدیق کریں اس کے علاوہ ملک بھر کے اکیڈمیاں اور یونیورسٹی کے طلباء کو تربیتی عمل میں شامل کریں تاکہ شماریات کے طالب علم کچھ سیکھ سکیں ۔ وفاقی وزیر نے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ یکم جولائی 2023 تک نئی ووٹرز لسٹ تیار کی جائے تاکہ ای سی پی اس فہرست پر انتخابات کرا سکے۔