اسلام آباد۔30اپریل (اے پی پی):محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ یکم سے04 مئی کے دوران آندھی/جھکڑ / ژالہ باری/گرج چمک اور تیز/موسلادھار بار ش کے باعث کمزور انفرا سٹرکچر ( بجلی کے کھمبے، درخت ، گاڑیوں، سولر پینل وغیرہ)کو نقصان کا اندیشہ ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم شمال مشرقی بلوچستان اوربالائی خیبرپختونخوا میں چند مقامات پر تیز ہوائوں /آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
کل جمعرات کوخیبرپختونخوا،خطہ پوٹھوہار، شمال مشرقی پنجاب ،اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں آندھی/جھکڑ اورگرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ اس دوران چند مقامات پر ژالہ باری/موسلادھار بارش کی بھی توقع ہے،جنوبی پنجاب،بالائی سندھ اورشمال مشرقی بلوچستان میں شام/رات کے دوران تیز ہوائوں /آندھی اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک جبکہ وسطی/جنوبی علاقوں میں شدید گرم رہا۔بدھ کو ریکارڈ کئے گئے
زیادہ سےزیادہ درجہ حرارت : شہید بینظیر آباد، موہنجوداڑو، سکرنڈ، سبی 48، دادو،جیکب آباد، خیرپور، پڈعیدن، مٹھی اورخانپور میں 47 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔