یہ سال پاکستان کی کامیابیوں کا سال ہے، کھیلوں کے میدانوں کو آباد رہنا چاہئے، 8 فروری کا دن یوم تعمیر و ترقی کے طور پر منائیں گے، وفاقی وزیر عطاءاللہ تارڑ

140

اسلام آباد۔20جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاءاللہ تارڑ نے جنگ گروپ کے زیر اہتمام میڈیا کرکٹ لیگ کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کھیلوں کے میدانوں کو آباد رہنا چاہئے، چیمپئنز ٹرافی کے پاکستان میں انعقاد کے لئے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں، یہ سال پاکستان کی کامیابیوں کا سال ہے، سٹاک مارکیٹ تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہے، ملک کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے، 8 فروری کا دن تعمیر و ترقی کے طور پر منائیں گے، معاشی استحکام سیاسی استحکام کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔

پیر کو یہاں شالیمار کرکٹ گرائونڈ میں جنگ گروپ کے زیر اہتمام میڈیا کرکٹ لیگ 2025ءکی اختتامی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے خیبر ٹی وی کو ٹورنامنٹ کا فائنل جیتنے اور جنگ گروپ کی رنر اپ ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ میڈیا کرکٹ لیگ کا انعقاد خوش آئند ہے، کرکٹ لیگ میں تقریبا 67 میچز ہوئے جن میں تمام میڈیا چینلز کی ٹیموں نے حصہ لیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے اس طرح کے مزید ٹورنامنٹس کے انعقاد کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ٹیپ بال ٹورنامنٹ کے باعث وفاقی دارالحکومت میں رونق لگی رہی۔ وفاقی وزیر نے بہترین ٹورنامنٹ کے انعقاد پر جنگ میڈیا گروپ اور منتظمین کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں کھیلوں اور سپورٹس مین سپرٹ کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ٹیلنٹ کو مزید ابھارنے کے لئے کاربند ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم بھی فتوحات حاصل کر رہی ہے، گزشتہ روز پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو ٹیسٹ میچ میں شکست دی، آسٹریلیا کو آسٹریلیا میں شکست دی، جنوبی افریقہ میں بھی قومی کرکٹ ٹیم کی کارکردگی بہتر رہی۔ انہوں نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کا پاکستان میں انعقاد ہماری خوش نصیبی ہے، اس سے ہمارے کرکٹ گرائونڈز کی رونقیں بحال ہوں گی، جب ہم چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کریں گے تو دنیا کی بہترین ٹیمیں پاکستان آئیں گی اور اپنا کھیل پیش کریں گی، شائقین کرکٹ کو بہترین کھیل دیکھنے کو ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور ان کی پوری ٹیم کی بھرپور کاوش ہے، وزیراعظم نے بھی پوری ٹیم کو امپاور کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 27 سال بعد شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس منعقد ہوا، اسی طرح اب چیمپئنز ٹرافی بھی پاکستان میں منعقد ہو رہی ہے جس کے لئے تمام انتطامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔

انہوں نے تمام میڈیا کی انتظامیہ سے کہا کہ وہ اس طرح کے ٹورنامنٹس کا انعقاد کریں، وزارت اطلاعات اس حوالے سے مکمل تعاون فراہم کرے گی۔ عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ معیشت کے حوالے سے اچھی خبریں آ رہی ہیں، مہنگائی کم ہو رہی ہے، شرح سود نیچے جا رہی ہے، دنیا کے بڑے مالیاتی ادارے پاکستان پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں، سٹاک مارکیٹ تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کا ایک سال مکمل ہونے پر وزیراعظم نے 8 فروری کو یوم تعمیر ترقی کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے، یہ سال کامیابیوں کا سال رہا ہے، معیشت بحال ہوئی ہے، پاکستان میں بڑے بڑے ایونٹس منعقد ہو رہے ہیں، مختلف شعبوں میں فتوحات مل رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 8 فروری کا دن بھرپور طریقے سے یوم تعمیر و ترقی کے طور پر منائیں گے، ہائی اچیورز کو بلا کر ایوارڈ دیئے جائیں گے۔ عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ الیکشن کے بعد یہ پاکستان کے لئے انتہائی اہم سال ثابت ہوا ہے، ہم ڈیفالٹ کے دہانے سے ترقی کی طرف بڑھے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سپورٹس مین سپرٹ ہر شعبے میں ہونی چاہئے، ایک دوسرے کے ساتھ رواداری اور اچھے رویوں کی توقع رکھتے ہیں، تلخیاں ختم ہونی چاہئیں، کھیل کے میدان ہوں یا سیاست ہر جگہ اس کو فروغ ملنا چاہئے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی مالی مشکلات کا شکار نہیں ہے، حال ہی میں ہم نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے رائٹس کے حصول کے لئے بہت بڑی ادائیگی کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی پر بڑے بڑے ٹورنامنٹ دکھائے جاتے ہیں، پی ٹی وی کے ریوائیول کے لئے کام جاری ہے، جب تک پی ٹی وی ریوائیو نہیں ہوگا چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی میں پرائیویٹ سیکٹر سے اینکرز کو لایا گیا ہے، تمام سیاسی جماعتوں کے ارکان کو شو میں مدعو کیا جا رہا ہے، پی ٹی وی میں کسی قسم کی کوئی سنسر شپ نہیں ہے، پی ٹی وی کو ہم مزید فروغ دیں گے۔

ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ مذاکرات سیاسی استحکام کے لئے ہیں، ملک میں معاشی استحکام آرہا ہے، معیشت کی بحالی ہو چکی ہے اب گروتھ کی طرف بڑھ رہے ہیں، سیاسی استحکام معاشی استحکام سے جڑ جائے تو پاکستان ترقی کے ایجنڈے پر کاربند ہو جائے گا، پرامید ہوں کہ مذاکرات کا اچھا رزلٹ ملے گا۔