یہ سیاست نہیں خدمت کا وقت ہے،سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے، متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ،وزیراعظم شہباز شریف

252
Chief Minister Sindh Syed Murad Ali Shah recieves Prime Minister Shehbaz Sharif upon his arrival at Sukkur to visit flood affected areas. Sukkur, 26th August, 2022.

سکھر۔26اگست (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ یہ سیاست نہیں خدمت کا وقت ہے،سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے، متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور آخری سیلاب متاثرہ شخص کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ۔ جمعہ کوسکھر کے دورہ کے موقع پر سیلاب متاثرین سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ میں نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کافضائی جائزہ لیا ہے، سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے جسے الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا، ایسی تباہی پہلے نہیں دیکھی۔

وزیراعظم نے سیلاب میں سینکڑوں انسانی جانوں کے ضیاع پردکھ اور افسوس کا اظہارکیا اور ان کےلئے دعا کی ۔وزیراعظم نے کہا کہ سندھ حکومت متاثرین کی بحالی کےلئے بھرپورکام کررہی ہے ،میڈیکل کیمپ میں علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے متاثرین سے ملاقات کی ہے، انہیں خوراک، ادویات اور پانی سمیت بنیادی ضروریات کی فراہمی کےلئے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ متاثرین کومکانات کا معاوضہ دیا جائے گا، وفاقی حکومت 10 لاکھ فی خاندان فراہم کرے گی، صوبائی حکومت بھی اپنی طرف سے مدد کرے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ متاثرین کے مکانات اور فصلیں تباہ ہوگئی ہیں، وفاق کی طرف سے 25 ہزار روپے فی گھرانہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے دیئے جائیں گے تاکہ فوری ضروریات کےلئے متاثرین کو کچھ رقم مل سکے۔وزیراعظم نے کہا کہ متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، معاشی مشکل صورتحال کے باوجو د حکومت ان کی ہرممکن مدد کرے گی، یہ سیاست کا نہیں خدمت کا وقت ہے، آخری سیلاب متاثرہ شخص کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ اتحادی جماعتیں شب وروزعوام کی خدمت کےلئے مصروف عمل ہیں، مل کر اس مشکل صورتحال سے نمٹیں گے۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اس موقع پر کہا کہ مشکل وقت میں دورے اورمدد اور تعاون پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہیں، بارشوں سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے اور شہروں اور دیہات میں فصلوں اورگھروں کو شدید نقصان پہنچا ہے ، تمام سیاسی جماعتوں کو اس آفت کا مقابلہ کرنا ہے، یہ ریلیف اور ریسکیو کا وقت ہے، پوری قوم متاثرین کی مدد کےلئے آگے آئے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت متاثرین کو خیموں اور راشن کی اشد ضرورت ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ وفاق کے ساتھ مل کر اس مشکل گھڑی میں عوام کی مدد کریں گے اور سب مل کر کام کریں گے۔ انہوں نے میڈیا پر زوردیا کہ وہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کو اجاگرکرے اور بین الاقوامی ادارے اور برادری بھی عوام کی مدد کےلئے آگے آئے۔ اس موقع پر جے یو آئی (ف) کے رہنما راشد سومرو نے کہا کہ اتحادی حکومت متاثرین کی مدد کےلئے مل کر کام کرے گی۔