یہ فیصلہ عوام کرے گی کہ وہ آئندہ الیکشن میں کس سیاسی جماعت کو منتخب کرتے ہیں، پی ٹی آئی رجسٹرڈ سیاسی جماعت ہے، اس پر کوئی پابندی نہیں، ملک میں کسی قسم کی کشمکش نہیں، ہم ایسا الیکشن چاہتے ہیں جسے سب تسلیم کریں، مرتضیٰ سولنگی

134
الیکشن 2024 کی کوریج کے دوران پی ٹی وی نے غیر جانبداری کو ملحوظ خاطر رکھا، پی ٹی وی نے ثابت کیا کہ وہ دیگر چینلز کیلئے رول ماڈل ہے، وفاقی وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کا پی ٹی وی ملازمین میں تعریفی اسناد تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب

اسلام آباد۔11ستمبر (اے پی پی):نگراں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ یہ فیصلہ عوام کرے گی کہ وہ آئندہ انتخابات میں کس جماعت کو منتخب کرتے ہیں، پاکستان تحریک انصاف رجسٹرڈ سیاسی جماعت ہے، اس پر کوئی پابندی نہیں، ملک میں کسی قسم کی کشمکش نہیں، حالات بہت اچھے ہیں، کوئی اضطراب نظر نہیں آ رہا، ہم ایک ایسا الیکشن چاہتے ہیں جسے سب تسلیم کریں، آئین کے تحت الیکشن کی تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن نے کرنا ہے،

انتخابات کے انعقاد میں الیکشن کمیشن کی ہر ممکن معاونت کریں گے، آئین میں لکھا ہے کہ اس ملک کو منتخب نمائندے چلائیں گے، اس میں کسی قسم کا کوئی ابہام نہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ نگراں وزیر قانون کی صدر مملکت سے ملاقات معمول کا حصہ تھی۔ انہوں نے کہا کہ صاف، شفاف، غیر جانبدارانہ انتخابات کا انعقاد کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کی تاریخ کا اعلان بھی الیکشن کمیشن ہی کرے گا۔ آئین کے تحت انتخابات آخری مردم شماری کے تحت منعقد ہونے ہیں، آخری مردم شماری 2023 کی ہے جس کے تحت حلقہ بندیاں ضروری ہیں، حلقہ بندیوں پر الیکشن کمیشن شیڈول جاری کر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حلقہ بندیوں کا عمل مکمل ہونے کے بعد تمام سیاسی جماعتوں کو 54 دن الیکشن مہم کیلئے بھی دینا ہوں گے۔ مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ غیر جانبدارانہ، شفاف اور منصفانہ انتخابات کے لئے تیاری کر رہے ہیں،

انتخابات کے انعقاد کیلئے الیکشن کمیشن کے ساتھ مکمل تعاون کریں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ موجودہ نگراں حکومت ذمہ دار، قانونی و آئینی حکومت ہے، ہماری کوشش ہے کہ ہم تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ تعلقات بہتر رکھیں، ہم ایک ایسا الیکشن چاہتے ہیں جسے سب تسلیم کریں۔ انہوں نے کہا کہ نگراں حکومت کی مدت کا تعین آئین، قانون اور آئینی ادارے کرتے ہیں، نئی پارلیمنٹ منتخب ہوگی تو ہم قوم کی امانت ملک کے منتخب نمائندوں کے حوالے کر کے چلے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آئین میں لکھا ہے کہ اس ملک کو اس کے منتخب نمائندے چلائیں گے، اس میں کسی قسم کا کوئی ابہام نہیں۔ انہوں نے کہا کہ نگراں حکومت کا تصور بھی پارلیمان نے دیا ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری بہت بڑی پارٹی کے سربراہ ہیں، انہیں اظہار رائے کا پورا حق حاصل ہے۔ ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف رجسٹرڈ سیاسی جماعت ہے، اس پر کوئی پابندی نہیں، ملک میں کسی قسم کی کشمکش نہیں، حالات بہت اچھے ہیں، کوئی اضطراب نظر نہیں آ رہا۔

ایک سوال کے جواب میں نگراں وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ فیصلہ عوام کا ہوگا کہ وہ کس جماعت کو منتخب کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت نے الیکشن ایکٹ میں ترمیم کر کے کچھ بڑے فیصلوں کا اختیار نگراں حکومت کو دیا، عالمی معاہدوں پر عمل درآمد کرانا بھی ہماری ذمہ داریوں میں شامل ہے، ہماری کوشش ہوگی کہ جس حالت میں ہمیں ملک ملا ہے اس سے بہتر حالت میں اگلی حکومت کو دے کر جائیں۔