یہ وقت اختلافات اور ایک دوسرے کے گریبان میں ہاتھ ڈالنے کا نہیں ہے، حافظ محمد طاہر محمود اشرفی

139

لاہور۔16جنوری (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے مذہبی ہم آہنگی حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ یہ وقت اختلافات اور ایک دوسرے کے گریبان میں ہاتھ ڈالنے کا نہیں ہے بلکہ اسلام کے راستے پر چلنے کا ہے، ہمارے اتحاد سے تفرقہ ڈالنے والوں کو شکست مل جاتی ہے، ملی یکجہتی کونسل میں پیغام اسلام و مصطفی کو پھیلایا گیا،

اتوار کے روز ایوان اقبال میں منعقدہ پیغام مصطفی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ متحدہ علما کونسل میں ایک سو تیرہ کیسز نمٹائے جس پر کوئی اختلاف نہیں آیا کیونکہ محبت ورواداری سے ہی دلوں کو موم کیاجاسکتاہے۔

طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ہاتھ جوڑ کر کہتا ہوں امن قائم کریں سلامتی کی بہت بڑی بات ہے ۔طاہر اشرفی نے کہا کہ آئوحسیؓن سے ویسی محبت کریں جس طرح صدیق اکبرؓ نے کی، آئو مصلہ پر بیٹھ کر دعا کریں جو حسینی ہے وہ روز محشر حسین اور جو یزیدی ہے وہ یزید کے ساتھ اٹھے گا، طاہر اشرفی نے کہا کہ اسلام وحدت اتحاد محبت کا درس دیتاہے، افغانستان کے مسئلے پر پاکستان نے بیالیس سال بعد او آئی سی کو اسلام آباد جمع کیا، پاکستان کوئی کمزور ملک نہیں جب پاکستان بات کرتا ہے تو دنیا بات کرتی ہے، طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ مسلم امہ کی وحدت و اتحاد چیلنجز کے مقابلے کیلئے ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ31 دسمبر کو بھارت میں نئے سال اور کرسمس کی تقریبات نہیں منانے دی گئی لیکن پاکستان میں کوئی نہ خوشگوار واقعہ رونما نہیں ہوا، طاہر اشرفی نے کہا کہ جو لوگ ملک میں دہشت اور نفرتوں کا کھیل کھیلنا چاہتے ہیں انہیں مل کرشکست دیں گے، انہوں نے کہا کہ گالی ابوجہل کے پیروکاروں اور دعا رسول اللہ ؐکے ماننے والوں کا وطیرہ ہے۔

کانفرنس سے چیئرمین شیعہ علما کونسل علامہ سید ساجد علی نقوی چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر قبلہ ایاز ۔ممبر اسلامی نظریاتی کونسل پیر سید حبیب عرفانی۔صدر وفاق المدارس آیت اللہ حافظ ریاض حسین نجفی۔علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی۔علامہ ناظر عباس تقوی ۔ڈاکٹر راغب حسین نعیمی۔علامہ زبیر احمد ظہیر ۔علامہ سبطین سبزواری ۔مولانا محمد عاصم مخدوم ۔علامہ عارف حسین وحدی۔ڈاکٹر عبدالغفور راشد۔سید ولی اللہ شاہ بخاری ۔

علامہ محمد حسین اکبر۔آرچ بشپ سبیسٹین فرانسس شاہ ۔سرادر بشن سنگھ ۔پنڈت بھگت لال کھوکھر ۔علامہ حسین عسکری۔سید افضال حسین زنجانی ۔میاں جلیل احمد شرقپوری ۔علامہ شبیر نجفی ۔علامہ محمد باقر گھلو۔علامہ محمد ظفر نقوی نے بھی خطاب کیا ۔