۔ 300ٹن ادویات اور خوراک سے لدے 27 ٹرک افغان حکام کے حوالے کر دیے گئے

113
300 ٹن ادویات اور خوراک سے لدے 27 ٹرک افغان حکام کے حوالے کر دیے گئے

اسلام آباد۔31دسمبر (اے پی پی):پاک افغان تعاون فورم کے تحت الخدمت فاونڈیشن کی طرف سے ۔ 300 ٹن ادویات اور خوراک سے لدے مزید 27 ٹرک جمعہ کو افغان حکام کے حوالے کردیئے، یہ امدادی سامان افغانستان میں بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال سے نمٹنے کے لئے پاکستان کی طرف سے افغان عوام کی مدد جاری رکھنے کا حصہ ہے۔

پاک افغان تعاون فورم کے تحت الخدمت فاونڈیشن کے زیر اہتمام امدادی سامان طورخم بارڈر پر زیرو لائن پر افغان حکام کے حوالے کیا گیا۔ تقریب میں پاک افغان کوآپریشن فورم کے چیئرمین حبیب اللہ خٹک، الخدمت فاونڈیشن کے صدر خالد وقاص، الخدمت فاونڈیشن کے ڈائریکٹرز اعجاز اللہ خان اور آصف جمال دیر نے شرکت کی۔

افغانستان کی جانب سے یہ کھیپ نائب وزیر صحت و تعلیم انجینئر محمد اسماعیل روحانی، ڈائریکٹر مہاجرین مولوی شیرزاد اور طورخم کے انچارج کوآرڈینیشن حافظ محمد نے وصول کی۔

اس سے قبل فورم نے کابل اور خوست میں مفت آئی کیمپ کا بھی اہتمام کیا جہاں پاکستانی ڈاکٹروں نے بغیر کسی معاوضے کے مریضوں کی سرجری کے ساتھ ساتھ ان کا معائنہ کیا ۔

پاکستانی ڈاکٹروں نے کابل اور خوست میں موتیا کے 530 آپریشن کیے اور 8120 مریضوں کا معائنہ کیا۔ پبلک ہیلتھ آفس خوست میں لگائے گئے فری آئی کیمپ میں تقریباً 324 موتیا کے آپریشن کیے گئے اور 2670 مریضوں کا معائنہ کیا گیا۔ جناح ہسپتال کابل کے فری آئی کیمپ میں تقریباً 206 موتیا کے آپریشن کیے گئے اور 5450 مریضوں کا معائنہ کیا گیا۔

ایک مریض نے اپنی سرجری کے بعد اپنے علاج کے لیے فورم کا شکریہ ادا کیا اورکہا کہ یہ مشکل تھا کیونکہ جنگ زدہ ملک کا صحت کا بنیادی ڈھانچہ تباہ حال ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پرائیویٹ طور پر سرجری کروائی جاتی تو اس پر بھاری رقم خرچ ہوتی جب کہ آئی کیمپ میں ایک پیسہ بھی خرچ کیے بغیر علاج ممکن ہوگیا ہے۔