
کوئٹہ۔ 01 جنوری (اے پی پی):نگران وزیر اطلاعات جان اچکزئی نے کہا ہے کہ 2023کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردی کے خلاف موثر کارروائیاں کرتے ہوئے 566 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا اور 5 ہزار دہشت گردوں کو گرفتار کیا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز سول سیکرٹریٹ میں پریس بریفنگ کے دوران کیا۔جان اچکزئی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے تانے بانے افغانستان سے ملتے ہیں ،افغانستان کا یہ رویہ دنیا کے امن کے لئے خطرہ ہے ،پاکستان نے بارہا افغان حکومت سے دہشت گردوں کو حوالہ کرنے کا مطالبہ کیا ۔
انہوں نے کہا کہ ملکی سالمیت اور امن کی خاطرپاک فوج کے 260 جوانوں سمیت 1 ہزار سے زاہد افراد نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا جبکہ 2023 میں ملک بھر میں 18 ہزار 736 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کئے گئے ۔مختلف کارروائیوں کے دوران 5 ہزار 161 سے زائد دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا ،خفیہ اداروں کی موثر حکمت عملی کے باعث گلزار امام شمبے، سرفراز بنگلزئی بلوچ نیشنل آرمی کے کمانڈر قومی دھارے میں شامل ہوئے۔