۔27 اکتوبر 1947 کشمیریوں کیلئے سیاہ ترین دن ہے، خلیل جارج

83
وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق خلیل جارج

اسلام آباد۔27اکتوبر (اے پی پی):نگراں وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق خلیل جارج نے کہا ہے کہ 27 اکتوبر 1947 کشمیریوں کیلئے سیاہ ترین دن ہے، کشمیر کی عوام گذشتہ 76 سال سے بھارت کے غاصبانہ قبضے میں ہے اور اس دوران لاکھوں بے گناہ کشمیری شہریوں کو بدترین ظلم و تشدد کا نشانہ بنایا گیا، بھارت یاد رکھے کہ ظلم و جبر سے کشمیریوں کے جذبہ حریت کو ختم نہیں کیا جاسکتا، کشمیریوں کی جدوجہد ایک دن آزادی کی نوید لیکر ہی آئیگی۔

جمعہ کو یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر جاری ایک خصوصی پیغام میں نگراں وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت طاقت کی بل بوتے پر نہتے کشمیریوں پر مظالم ڈھا رہا ہے اور کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے کے لئے آئے روز نئے ہتھکنڈے استعمال کئے جا رہے ہیں ، بھارت کی جانب سے 5 اگست 2019 کے اقدامات سلامتی کونسل اور جنیوا کنونشن کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے۔ انھوں نے کہا کہ کشمیریوں کو حق خودارادیت سے محروم رکھنا ان کو بنیادی حق سے محروم رکھنا ہے، بین الاقوامی برادری اور انسانی حقوق کے ادارے کشمیریوں پر ظلم کے خاتمے اور انہیں آزادی دلانے میں مدد کریں ۔

انھوں نے کہا کہ ہم کشمیری عوام پر بھارتی ظلم و تشدد کی بھر پور مذمت کرتے ہیں اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کی کوششوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ، پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیریوں کی حق خود ارادیت کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی سطح پر حمایت جاری رکھیں گے، مجھے قوی امید ہے کہ ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔