۔33 ویں فجر اوپن تائیکوانڈو چیمپین شپ میں حمزہ سعید نے پاکستان کیلئے گولڈمیڈل جیت لیا

52
Hamza Saeed
Hamza Saeed

اسلام آباد۔16فروری (اے پی پی):33 ویں فجر اوپن تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں حمزہ سعید نے پاکستان کیلئے گولڈمیڈل جیت لیا ہے۔فائنل میں ایران کے ابراہیم حسینی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ شاہ زیب نے سلور میڈل اپنے نام کیا۔ ایران کے دارالخلافہ تہران میں کھیلی گئی 33 ویں فجر اوپن تائیکوانڈو چیمپئن شپ جی ون میں +87 کلو گرام کیٹیگری کے فائنل میں پاکستان کے حمزہ سعید نے ایران کے محمدابراہیم حسینی کو 9-1 اور 14-3 سے شکست دے کر گولڈ میڈل جیت لیا۔ اس سے قبل کھیلے گئے

سیمی فائنل میں حمزہ سعید نے ایران کے عامرمحمد اور کوارٹر فائنل میں ایران ہی کے پرہم خواری کیخلاف کامیابی حاصل کی تھی۔ 54 کلو گرام کیٹیگری کے فائنل میں پاکستان کے شاہ زیب خان کو ایرانی کھلاڑی نے شکست دیدی۔ فائنل کے دوسرے رائونڈ میں ریفری نے شاہ زیب کو ڈسکوالیفائی قرار دے دیا۔ شاہ زیب نے سلورمیڈل اپنے نام کیا۔ اس موقع پر حمزہ سعید کاکہنا تھا کہ پاکستان کیلئے گولڈ میڈل جیتنا اور چیمپئن شپ کا بہترین کھلاڑی قرار پانا میرے لئے بہت بڑے اعزاز کی بات ہے، فجر اوپن میں دنیا بھر سے نامور کھلاڑیوں نے حصہ لیا،

ایونٹ کی تیاریوں کے سلسلے میں ہمارے ہیڈ کوچ یوسف کرامی نے تمام کھلاڑیوں کو بہترین ٹریننگ دی تھی۔ سلورمیڈلسٹ شاہ زیب خان کاکہنا تھا کہ بدقسمتی سے گولڈ میڈل نہ جیت سکا تاہم آئندہ مزید محنت کر کے پاکستان کیلئے اعزازات جیتنے کی کوشش کروں گا۔ فجر اوپن تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں ایران نے پہلی، پاکستان نے دوسری اور قازقستان نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ پاکستان آرمی سے تعلق رکھنے والے حمزہ سعید فجر اوپن کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ پاکستانی ٹیم تہران میں ہی 16 سے 19 فروری تک ہونے والے ورلڈ تائیکوانڈو پریذیڈنٹ ایشیا کپ اور 21 سے 22 فروری تک ایشین کلب تائیکوانڈو چیمپئن شپ میں بھی حصہ لے گی۔