اسلام آباد۔28اپریل (اے پی پی):مشیر داخلہ و احتساب بیرسٹر شہزاد اکبرنے کہا ہے کہ مریم نواز اور ان کے والد نےاپنے خلاف فیصلہ دینے والے ہر جج اور عدالت کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی۔
بدھ کو مریم نواز کے ٹویٹ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم کے مشیر برائے احتساب وداخلہ بیرسٹر شہزاد اکبر نے کہا کہ عدالتوں کا جتنا احترام آپ اور آپ کے خاندان نے کیا پوری قوم جانتی ہے۔
ابھی آپ کے والد عدالت کا اتنا احترام کرتے ہیں کہ لندن میں اشتہاری مجرم بنے بیٹھے ہیں۔ شہزاد اکبرنے کہا کہ حد ہے ویسے منافقت کی۔ مریم کے والد نے بطور وزیر اعظم غنڈوں سے چیف جسٹس اور سپریم کورٹ ججز پر حملہ کرایا۔انہوں نے کہا کہ نہال ہاشمی سے ججوں کےبچوں کو قتل کی دھمکی دلوائی ۔ جج ارشد ملک کو رشوت آفر کی۔
مشیر داخلہ و احتساب نے کہا کہ گوہر ایوب سے کہا کہ چیف جسٹس سجاد علی شاہ کو ہتھکڑی لگانے کا طریقہ نکالو ، مریم کے چچا نے جسٹس قیوم سے من پسند فیصلے کیلئے دباؤ ڈالا۔