اسلام آباد۔9فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ مولانا صاحب ! اسی قومی اسمبلی میں آپ کے فرزند ارجمند بھی براجمان ہیں، ان کے بارے میں آپ کا کیا خیال ہے؟ ، آپ کے بیٹے کی سیٹ حلال اور سیاسی مخالفین کی حرام، ایسے سیاسی فتووں سے آپ کی نیت اور دوہرا معیار عیاں ہوتا ہے۔ منگل کو اپنے ایک ٹویٹ میں سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ پی ڈی ایم کی ہر ڈیڈ لائن ڈیڈ ہوچکی ،سچ بولیں کہ استعفے نہ دینے کی ندامت پر مٹی ڈالنے کے لئے ’’کرپشن بچاؤ‘‘ مارچ کی تاریخ کا اعلان کیاگیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ کرپشن کی سیاست کو پاکستان کے عوام نے مسترد کردیا ہے، بغض عمران میں یہ لاکھ جتن کرلیں عوام ان کی کسی تحریک کے ساتھ نہیں اور نہ ہوں گے۔