100دن میں وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاق اور وزیر اعلیٰ مریم نواز نے پنجاب میں عوامی خدمت اور ملکی معیشت کی بحالی کیلئے بے مثال کام کیا ،سنیئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب

234
ترجمان مسلم لیگ نون کی رمضان شوگر ملز ریفرنس میں بریت پر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو مبارکباد

لاہور۔15جون (اے پی پی):سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے عوام اور صنعت کار برادری کو ریلیف دینے پر وزیراعظم شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 100دن میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے وفاق اور مریم نواز شریف نے پنجاب میں عوامی خدمت اور ملکی معیشت کی بحالی کیلئے بے مثال کام کیا ہے۔

ہفتہ کے روز یہاں جاری اپنے ایک بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا بجٹ معیشت کو درست سمت میں ڈالنے اور استحکام دینے کا نظریہ ہے،گزشتہ ادوار میں معیشت کے ساتھ جو کھلواڑ ہوا وہ سلسلہ اب انشااللہ بند ہوچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے مشکل ترین وقت میں پاکستان کی معیشت کو ٹھیک کرنے کا بیڑہ اٹھایا ہوا ہے، کسی کی طرح ملک کو ڈیفالٹ کر کے چھوڑا نہیں بلکہ بہادری، دلیری اور نیک نیتی کے ساتھ عوام کا بازو بنے اور ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، اب ملک کو معاشی ترقی اور عوام کو ریلیف دینے کا سلسلہ جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ قائد محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) ملک کو واپس ترقی و خوشحالی کی منزل کی طرف تیزی سے لے جا رہی ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ صنعتوں کیلئے بجلی کی لاگت کم ہونے سے کاروبار، روزگار اور برآمدات میں اضافہ ہو گا، پٹرول کی قیمت میں اب تک 35روپے کی کمی عوام سے وعدوں کی تکمیل اور خوشحالی کی نوید ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے لئے بڑھتا ہوا ریلیف دیکھ کر ملک کو ڈیفالٹ کے کنارے دھکیلنے والوں میں گھبراہٹ بڑھتی جا رہی ہے، انشااللہ اللہ تعالیٰ سب بہتر کرے گا بس عوام کو ساتھ دیناہوگا۔