12واں ورلڈ کپ، جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو یکطرفہ مقابلے کے بعد9 وکٹوں سے شکست دے دی

95

چیسٹرلی سٹریٹ۔ 28 جون (اے پی پی) بارہویں آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 9 وکٹوں سے شکست دے دی، شکست کے باوجود سری لنکا کی سیمی فائنل تک رسائی کی امیدیں برقرار ہیں۔ سری لنکن ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 49.3 اوورز میں 203 رنز بنا کر آﺅٹ ہو گئی، پروٹیز باﺅلرز کی عمدہ باﺅلنگ کے سامنے آئی لینڈرز کا کوئی بھی کھلاڑی بڑی اننگز کھیلنے میں کامیا ب نہ ہو سکا، جواب میں جنوبی افریقن ٹیم نے مطلوبہ ہدف 38ویں اوور میں محض ایک وکٹ کے نقصان پر حاصل کیا۔ ڈوپلیسی اور ہاشم آملہ نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 175 ناقابل شکست رنز بنا کر ٹیم کو کامیابی دلائی، ڈوپلیسی 96 اور آملہ 80 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے، کرس مورس اور پریٹوریس نے 3، 3 وکٹیں لیکر ٹیم کی جیت میں حصہ ڈالا، پریٹوریس میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔