13ویں قومی ٹین پن بائولنگ چیمپئن شپ آج شروع ہو گی

41

اسلام آباد۔5جنوری (اے پی پی):پاکستان ٹین پن بائولنگ فیڈریشن کے زیراہتمام 13ویں قومی ٹین پن بائولنگ چیمپئن شپ (آج) بدھ سے ارینہ بائولنگ کلب، ایف نائن پارک، اسلام آباد میں شروع ہو گی اور چیمپئن شپ میں دس لاکھ روپے کی انعامی رقم رکھی گئی ہے۔پاکستان ٹین پن بائولنگ فیڈریشن کےصدر اعجاز الرحمن نے بتایاکہ چیمپئن شپ کی تمام تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں اور چیمپئن شپ میں ملک بھر سے کھلاڑی حصہ لیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ٹین پن بائولنگ فیڈریشن نے چیمپئن شپ میں 6 کیٹگریز کے مقابلے رکھے ہیں جن میں سنگلز، ڈبلز، ٹیم ایونٹ، خواتین، ایمچور اور ڈیف کے مقابلے شامل ہیں۔ چیمپئن شپ کے کوارٹر فائنل مقابلے 8 جنوری کو، سیمی فائنل 9 جنوری کو اور فائنل مقابلے 10 جنوری کو کھیلے جائیں گے۔ چیمپئن شپ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔چیمپئن شپ کے حوالے سے مزید معلومات کے لئے پاکستان ٹین پن بائولنگ فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل محمد حسین چٹھہ سے رابطہ قائم کیا جاسکتا ہے۔ واضح رہے کہ یہ چیمپئن شپ 25 سے 30 دسمبر تک کراچی میں کھیلی جانی تھی لیکن کراچی میں کورونا وائرس کی وباکے باعث بائولنگ کلب بند ہونے کے بعد یہ چیمپئن شپ اسلام آباد منتقل کردی گئی ہے۔