اسلام آباد۔18فروری (اے پی پی):چین کے ایک اعلیٰ سطحی تجارتی وفد نے سنڈی چن کی قیادت میں منگل کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) کا دورہ کیا ،جس کا مقصد کاروباری تعاون اور سرمایہ کاری کی نئی راہیں تلاش کرنا تھا ، 14رکنی وفد نے مختلف شعبوں بشمول آٹوموٹیو سپیئر پارٹس، رئیل سٹیٹ، مہمان نوازی، موبائل اسیسریز، ہارڈویئر اور تعمیراتی میٹریل کے ساتھ ساتھ اشیائے صرف میں شراکت داری کو فروغ دینے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
مزید برآں پاکستانی مصنوعات جیسے تل، فش فوڈ، ، گلابی نمک اور آم کی برآمدی صلاحیت کو تلاش کرنا تھا۔آئی سی سی آئی سے جاری پریس ریلیز کے مطابق آئی سی سی آئی کے صدر ناصر منصور قریشی نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں چین کو پاکستان کے سب سے بڑے تجارتی پارٹنر کے طور پر اجاگر کرتے ہوئے پاک چین تعلقات کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پی ای سی) دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ چینی وفد کا دورہ پاکستان اور چین کے درمیان گہرے تعلقات کا ایک مضبوط ثبوت ہے۔ صدر آئی سی سی آئی نے دونوں ممالک کے لئے باہمی فائدہ مند ماحول پیدا کرنے کے لئے ضروری اقدامات کے طور پر ہم آہنگی کی پالیسیوں، تجارتی رکاوٹوں کو کم کرنے اور کاروبار سے کاروبار (بی ٹو بی ) کو فروغ دینے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔وفد کی سربراہ سنڈی چن نے پاکستان کو چین کا سب سے قابل اعتماد دوست قرار دیتے ہوئے پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو بڑھانے کے لئے چین کے مسلسل عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے اور وفد کے اراکین نے تانبے کی کان کنی، بھاری مشینری، سائنس اور ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل اختراعات، اور زرعی مصنوعات، بشمول تل کے بیجوں جیسے شعبوں میں مشترکہ سرمایہ کاری کے لئے دلچسپی کی تصدیق کی۔میٹنگ میں پاکستانی کاروباری رہنماؤں نے کان کنی، گلابی نمک، چمڑے کے سامان، جوتے، ایل پی جی سلنڈر مینوفیکچرنگ، اور کچن ہارڈویئر اور ایل سی ڈی کی درآمد اور مشترکہ منصوبوں میں اپنی دلچسپی کا اظہار کیا جو کاروباری شراکت کو بڑھانے کی مشترکہ خواہش کی عکاسی کرتا ہے۔
شرکاء میں سینئر نائب صدر عبدالرحمن صدیقی، نائب صدر ناصر محمود چوہدری، اور ایگزیکٹو ممبران فاطمہ عظیم، وسیم چوہدری، عرفان چوہدری، اسحاق سیال، ثناء اللہ خان، آئی سی سی آئی کے صدر کے خصوصی مشیر نعیم صدیقی، اور آئی سی سی آئی کے اراکین خالد چوہدری، اور ظریف خان شامل تھے۔ آئی سی سی آئی کے رکن یاسر خان نے ترجمان کے طور بہترین فرائض سرانجام دیئے۔