واشنگٹن ۔ 9 اپریل (اے پی پی) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ”یو ایس سیکرٹ سروس“ کے ڈائریکٹر رینڈولف ایلس کو ان کے عہدہ سے برطرف کردیا ہے اور ان کی جگہ ادارہ کے ایک اور سینئر اہلکار جیمز ایم مرے کو تعینات کیا ہے۔ وائٹ ہاﺅس کی پریس سیکرٹری سارا سینڈرز نے ایک بیان میں سیکرٹ سروس کے ڈائریکٹر رینڈولف ایلس کی برطرفی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدر نے رینڈولف ایلس کی برطرفی کا فیصلہ کیا ہے جو40 سال سے زائد عرصہ سے سیکرٹ سروس میں خدمات سرانجام دے رہے تھے۔ قبل ازیں ہوم لینڈ سیکورٹی کی سیکرٹری کرسٹجن نیلسن کو بھی ان کی خراب کارکردگی پر برطرف کردیا گیا تھا۔ برطانوی اخبار ”دی گارجیئن“ کے مطابق امریکی صدر منظم انداز میں ڈیپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سیکورٹی کے عملہ کی چھانٹی کر رہے ہیں۔