فیصل آباد۔14فروری (اے پی پی):سنٹرل ڈائریکٹوریٹ آف نیشنل سیونگز حکومت پاکستان کے زیر اہتمام1500اور100روپے مالیت کے قومی انعامی بانڈز کی قرعہ اندازی( آج)15 فروری کو ہو گی۔ ڈائریکٹوریٹ کے ترجمان نے اے پی پی کو بتا یا کہ1500روپے مالیت والے انعامی بانڈز کی قرعہ اندازی رواں سال کی دوسری اور مجموعی طور پر 89ویں قرعہ اندازی ہے جس کا پہلا انعام 30 لاکھ روپے کا ایک، دوسراانعام 10لاکھ روپے کے3 اور تیسرا انعام 18500روپے مالیت کے 1696انعامات ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مذکورہ انعامی بانڈز کی سیریز پر کل 1700 انعامات دیئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں ایک خصوصی تقریب سٹیٹ بینک آف پاکستان کوئٹہ کی عمارت میں منعقد ہو گی جس میں مختلف مکاتب فکر کی اہم شخصیات شرکت کریں گی اور شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے خوش نصیب انعام افراد کا چناؤ کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ100روپے مالیت کے سٹوڈنٹس ویلفیئر بانڈز کی قرعہ اندازی بھی آج 15 فروری کوراولپنڈی میں ہوگی جس کاپہلا انعام 7لاکھ روپے کاایک، دوسرا انعام 2لاکھ روپے مالیت کے3 اور تیسرا انعام ایک ہزارروپے مالیت کے 1199 انعامات ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ رواں سال کی تیسری اور مجموعی طور پر37 ویں قرعہ اندازی ہو گی، اس ضمن میں ایک خصوصی تقریب آج 15 فروری کی صبح سٹیٹ بینک آف پاکستان راولپنڈی میں منعقد ہو گی جس میں شفاف کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے ذریعے خوش نصیبوں کاچناؤ کیا جائیگا۔ انہوں نے بتایاکہ تقریب میں مختلف مکاتب فکر کی اہم شخصیات بھی شرکت کریں گی۔