اسلام آباد۔16دسمبر (اے پی پی):پارلیمانی سیکرٹری برائے انسانی حقوق صبا صادق نے کہا ہے کہ آج 16 دسمبر ہمیں سانحہ آرمی پبلک اسکول کے 144 معصوم شہداء کی قربانی کی یاد دلاتا ہے۔
یہ صرف ایک سانحہ نہیں، بلکہ ہمارے نظام کو یہ پیغام تھا کہ بچوں کے تحفظ اور بنیادی انسانی حقوق کی ضمانت دینا ریاست کی سب سے بڑی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے یہ بات پیر کو اے پی ایس سانحہ کے دس برس مکمل ہونے پر جاری پیغام میں کہی۔ پارلیمانی سیکرٹری نے کہا کہ یہ بچے، جو قوم کا مستقبل تھے، ہمیں یہ سبق دے گئے کہ نفرت اور شدت پسندی کے خلاف کھڑا ہونا ناگزیر ہے۔
ہم ان معصوم جانوں کے خوابوں کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے پُرعزم ہیں تاکہ ہر بچہ خوف سے آزاد ہو کر تعلیم حاصل کرے – انہوں نے کہا کہ ہم شہداء کے والدین کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں اور انہیں یقین دلاتے ہیں کہ ان کے بچوں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔
ایک محفوظ اور روشن پاکستان بنانا ہی ان کی قربانی کا حقیقی جواب ہوگا۔ آئیے مل کر ایک ایسا معاشرہ بنائیں جہاں انسانی حقوق کا تحفظ اور بچوں کا مستقبل سب سے مقدم ہو۔