لاہور۔15دسمبر (اے پی پی):سابق گورنر اور پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم سید احمد محمود نے کہا کہ 16 دسمبر 2014 کا دن پاکستان کی تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن ہے، جسے کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، اس دن درندگی کی انتہا کرتے ہوئے سفاک دہشت گردوں نے آرمی پبلک اسکول میں معصوم بچوں، اساتذہ، اور اسٹاف کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 132 بچے …
16 دسمبر 2014 کا دن پاکستان کی تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن ہے۔ مخدوم سید احمد محمود

مزید خبریں
لاہور۔15دسمبر (اے پی پی):سابق گورنر اور پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم سید احمد محمود نے کہا کہ 16 دسمبر 2014 کا دن پاکستان کی تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن ہے، جسے کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، اس دن درندگی کی انتہا کرتے ہوئے سفاک دہشت گردوں نے آرمی پبلک اسکول میں معصوم بچوں، اساتذہ، اور اسٹاف کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 132 بچے اور 17 دیگر افراد شہید ہوئے، یہ واقعہ دہشت گردی کے بدترین مظاہر میں سے ایک تھا، جس نے نہ صرف پشاور بلکہ پورے پاکستان کو صدمے سے دوچار کیا۔
اپنے ایک بیان میں مخدوم سید احمد محمود نے کہا کہ یہ سانحہ قوم کے دلوں پر وہ زخم چھوڑ گیا ہے جو وقت کے ساتھ بھی مندمل نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے نہ صرف بچوں کی قیمتی جانیں چھینیں بلکہ والدین کو ناقابلِ بیان غم اور صدمے میں مبتلا کیا۔ اس واقعے نے پوری دنیا کو ہلا کر رکھ دیا اور عالمی سطح پر پاکستان کے لیے یکجہتی اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ 16 دسمبر 2014 صرف ایک دن نہیں، بلکہ یہ ایک قومی المیہ ہے جس نے پاکستان کو یہ یاد دلایا کہ دہشت گردی کے عفریت کے خاتمے کے لیے ہمیں ایک مضبوط، متحد، اور مستحکم عزم کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔ یہ دن ہماری اجتماعی یادداشت کا ایک حصہ بن چکا ہے، جو ہمیں ان معصوم شہدا کی قربانیوں کو یاد رکھنے اور ان کے خوابوں کو پورا کرنے کے لیے کام کرنے کا درس دیتا ہے۔انہوں نے سانحہ کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے والدین اور اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان معصوم جانوں کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی اور ہم سب کو مل کر ان کے خوابوں کے پاکستان کو حقیقت میں بدلنا ہوگا، جہاں ہر بچہ امن، سکون اور محفوظ ماحول میں تعلیم حاصل کر سکے۔







