204

اسلام آباد ۔ 21 اگست (اے پی پی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہاہے کہ وہ دن کبھی نہیں آسکتا کوئی مسلمانوں کے مقدس مقامات کو میلی آنکھ سے بھی دیکھ سکے ، اسلام کے نام پر دہشت گردی کرنے والا ہم میں سے نہیں، دہشت گردی کو مسلمانوں سے منسلک کرنا درست نہیں ، اسلام امن اور انسانیت کا مذہب ہے جو یہ کہتا ہے کہ ایک انسان کا قتل تمام انسانیت کے قتل کے مترادف ہے ، امت مسلمہ اپنے دین، ریاستوں اور مقدس مقامات کو بچانے کیلئے متحد ہے، علماءکرام نے اسلام کا حقیقی چہرہ دنیا کے سامنے پیش کیا، ہمیں اپنی صفوں میں موجود دشمن کو تلاش کرنا اور اس کو راہ راست پر لانا ہے، علماءکرام اس حوالے سے اپنا کردار ادا کریں ۔وہ اتوار کو کنونشن سنٹر میں اتحاد امت عظمت حرمین شریفین کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ علماء نے اپنی تعلیمات کے ذریعے اسلام کا حقیقی چہرہ دنیا کے سامنے پیش کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے علماءکرام نے یورپ کو اسلام کا اصل پیغام اور حقیقی چہرہ دکھانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔