17.3 C
Islamabad
بدھ, مارچ 19, 2025
ہومعلاقائی خبریں17 رمضان المبارک فتح غزوہ بدر کے ساتھ ساتھ ام المومنین حضرت...

17 رمضان المبارک فتح غزوہ بدر کے ساتھ ساتھ ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کے وصال کا دن بھی ہے،حامد سعید کاظمی

- Advertisement -

ملتان ۔ 18 مارچ (اے پی پی):ممتاز عالم دین، سابق وفاقی وزیر برائے مذہبی امور صاحبزادہ علامہ سید حامد سعید کاظمی شاہ نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے حضرت محمد ﷺ کو رحمت اللعالمین بناکر بھیجا، آپ ﷺ کی آمد سے ظلم و جہالت کے اندھیرے ختم اور نور اسلام کی صبح روشن ہوئی ،حضور نبی کریم ﷺ کا اسوہٰ حسنٰہ ہمارے لیے مشعل راہ اور نجات کا ذریعہ ہے ،آپ ﷺ پر کامل ایمان کے بغیر ہمارا دین و دنیا نامکمل ہے ۔

انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک رحمتوں، برکتوں اور بخشش کا مہینہ ہے، اس ماہِ مبارکہ میں ہمیں زیادہ سے زیاد اللہ تعالیٰ کی خوشنودی کیلئے نیک اعمال کرنے چاہیئں، 17 رمضان المبارک کو فتح غزواہ بدر کے ساتھ ساتھ ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کے وصال کا دن بھی ہے۔

- Advertisement -

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن اور اسپائر گروپ آف کالجز ملتان ریجن کے زیرِاہتمام رمضان المبارک کے موقع پر 21 ویں سالانہ دو روزہ جائزہ حسنِ قرآت و نعت رسول مقبول ﷺ کے پہلے روز طالبات کے درمیان منعقدہ تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب میں کیا۔ تقریب کی صدارت ڈی پی آئی سکینڈری سکول جنوبی پنجاب مسز زاہدہ بتول نے کی جبکہ مہمانان اعزاز میں پرنسپل اسپائر کالج ملتان پروفیسر ریاست علی، خاتون سماجی رہنما چیئرپرسن انجمن تجارت، ملازمت و زراعت پیشہ خواتین مسز طاہرہ نجم اور صدر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن نعیم اقبال نعیم شامل تھے۔

تقریب کی نقابت کے فرائض سوشل میڈیا ایکٹوسٹ ماہ نور فیاض نے سرانجام دئیے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر علامہ سید حامد سعید کاظمی نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے انبیاء علیہ السلام کو معجزے عطا فرمائے اور حضرت محمد رسول اللہ ﷺ کو قرآن پاک کا معجزہ دیا ،حضور صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم کی پیروی اور سنت رسول ﷺ پر عمل پیرا ہوکر ہم اپنی دنیا و آخرت سنوار سکتے ہیں ۔

اس موقع پر سکولز،کالجز و مدارس کی طالبات میں مقابلہ قرآت و نعت شریف کے جج کے فرائض معروف مذہبی سکالر پروفیسر عبدالماجد وٹو اور ثناء خواں محمد عاصم گولڑوی نے سرانجام دیئے جن کے فیصلہ کی روشنی میں مقابلہ قرآت میں اول روہا اشرف، دوئم عادیہ یعقوب اور سوئم ادیبہ شوکت رہیں جبکہ مقابلہ نعت گرلز سکولز میں اول ماہم لیاقت ،دوئم مہک اختر رہیں۔

کالج و یونیورسٹی لیول میں اول عاصمہ اسلم ایمرسن یونیورسٹی ملتان، دوئم اسما ریاض ایسپائر کالج ملتان اور سوئم عنیشہ شوکت ایمرسن یونیورسٹی ملتان رہیں۔ دیگر شرکاء مقابلہ ماریہ ندیم، عائزہ گلشن، کنول صادق، مافیہ یاسین، زویا بلال، علیزہ، زہرا ، دانیہ، نرمین، زارا و دیگر میں حوصلہ افزائی کے خصوصی انعامات اور سرٹیفکیٹ تقسیم کیے گیے۔ تقریب کے آخر میں ملکی علامہ سید حامد سعید کاظمی نے ملکی سلامتی و استحکام کے لیے خصوصی دعاکروائی۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=573841

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں