133

اسلام آباد ۔ 27 اگست (اے پی پی) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنماویوسی 19 ترلائی کلاں اسلام آباد سے نومنتخب بلدیاتی عہدیدار چودھری منظور حسین نے کہاہے کہ کراچی میں میڈیا ہاﺅسز پر حملہ کرنے والے ملک و قوم کے خیرخواہ نہیں،الطاف حسین کے بیانات پر فوری کارروائی ہونی چاہیے ۔انہوں نے کہاکہ ملک میں افراتفری پیدا کرکے اس وطن عزیز کی جڑوں کوکھوکھلا کرنے والوں کے خلاف رینجرز کی کارروائیاں احسن اقدام ہے،ملک دشمن عناصر کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹنا عصرحاضر کا تقاضاہے، قوم متحد ہے ایسی سازشوں کے خلاف سینہ سپر پاکستانی قوم کے عزم و ہمت کو سلام پیش کرتے ہیں۔ہفتہ کو یہاں جاری بیان میں چودھری منظور حسین نے کہاکہ میڈیا ریاست کا اہم اور چوتھا ستون ہے مشکل کی اس گھڑی میں صحافی برادری کے ساتھ ہیں،قانون ہاتھ میں لینے والوں کو سخت سے سخت سزادی جائے ایسے لوگ رحم کے قابل نہیں جو ملک کی بقا، سلامتی اور استحکام کیلئے خطرہ ہوں۔نومنتخب چیئرمین چودھری منظور حسین نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان میاں نوازشریف کی قیادت میں ملک معاشی قوت بننے جا رہا ہے ،اس ملک کو ایٹمی قوت بنانے والی جماعت ایک بارپھر اس ملک کے استحکام اور دفاع کے لئے مربوط اور جامع پالیسیاں ترتیب دے رہی ہے۔