18 ہزار افسران و اہلکار پولیو ورکرز کی سکیورٹی پر تعینات ہیں، پنجاب پولیس

80
لودھراں میں پنجاب پولیس کانسٹیبلان و لیڈی کانسٹیبلان کی بھرتی کے لیے انٹرویوز کے نتائج جاری

لاہور۔27مئی (اے پی پی):پنجاب پولیس 5 سال سے کم عمر بچوں کے لئے انسداد پولیو مہم کامیاب بنانے بارے پرعزم ہے،لاہور سمیت صوبے بھر میں18 ہزار سے زائد افسران اور اہلکار پولیو ورکرز کی سکیورٹی پر تعینات ہیں۔

ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق لاہور سمیت صوبے بھر میں 457 انسپکٹرز، 1013 سب انسپکٹرز، 1654 اے ایس آئیز اور 350 سے زائد لیڈی پولیس کانسٹیبلز پولیو مہم میں سکیورٹی کے فرائض انجام دے رہی ہیں، صرف لاہور میں 1500 سے زائد افسران اور اہلکار پولیو ورکرز کی سکیورٹی پر مامور ہیں۔

آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ پولیو ورکرز کو بھرپور سکیورٹی فراہم کر رہے ہیں، تھانوں کی موٹر سائیکلز اور گاڑیاں پولیو مہم والے علاقوں میں موثر پٹرولنگ کر رہی ہیں،ڈولفن، پیرو، تھانوں کی ٹیمیں پولیو ویکسی نیشن والی یونین کونسلز میں موثر پٹرولنگ یقینی بنائیں جبکہ آر پی اوز، ڈی پی اوز انسداد پولیو ٹیموں کے سکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لیں۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ انسداد پولیو ورکرز،ٹیموں کی حفاظت میں غفلت و کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، تمام سرکل افسران علاقائی حساسیت کے پیش نظر پولیو ورکرز کو سکیورٹی فراہم کریں۔