20 جون 2025ء کو پاکستان کے زر مبادلہ کے ذخائر 14,397.4 ملین ڈالر تھے، سٹیٹ بینک

8

اسلام آباد۔26جون (اے پی پی):پاکستان کے زر مبادلہ کے ملکی ذخائر 20 جون 2025ء کو14,397.4 ملین ڈالر تھے جن میں رواں ہفتہ اضافہ ہوگا۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان نے کہا ہے کہ 20 جون 2025ء کو ملک کے زر مبادلہ کے ذخائر 14,397.4 ملین ڈالر تھے جس میں سٹیٹ بینک آف پاکستان کے 9,064.5 ملین ڈالر جبکہ کمرشل بینکوں کے پاس موجود 5,332.9 ملین ڈالر کے زرمبادلہ کے ذخائر شامل ہیں۔ 20 جون 2025ء کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران ایس بی پی کے ذخائر 2,657 ملین ڈالر کم ہو کر 9,064.5 ملین ڈالر تک پہنچ گئے

جس کی وجہ حکومتی بیرونی قرضوں کی ادائیگی اور خاص طور پر تجارتی قرضوں کی واپسی تھی۔سٹیٹ بینک نے کہا کہ رواں ہفتے کے دوران تجارتی قرضے حاصل کیے گئے ہیں جو 3,100 ملین ڈالر کے مساوی ہیں اور 500 ملین ڈالر سے زیادہ کے کثیر جہتی قرضے بھی مل جائیں گے۔ یہ رقوم 27 جون 2025ء کو ختم ہونے والے ہفتے کے لیے ایس بی پی کے زرمبادلہ کے ذخائر میں ظاہر ہوں گی جس کے بعد پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہو جائے گا۔