اسلام آباد۔21جولائی (اے پی پی):محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ 21 سے25 جولائی کے دوران شدید بارش کے باعث چترال، دیر، سوات، شانگلہ، مانسہرہ، کوہستان،ایبٹ آباد، بونیر،چارسدہ، صوابی، مردان، مری، گلیات، نوشہرہ، اسلام آباد/راولپنڈی، ڈیرہ غازی خان، شمال مشرقی پنجاب ،کشمیر اور بلوچستان کے مقامی / بر ساتی ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے ۔
عوام کو احتیاط کی ہدایت کی گئی ہے،21 سے25 جولائی کے دوران شدید بارشوں کے باعث اسلام آباد/راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، اوکاڑہ، نوشہرہ اور پشاور کے نشیبی علا قے زیر آب آنے کاخدشہ ہے، 21 سے25 جولائی کے دوران شدید بارشوں کے باعث خیبرپختونخوا، مری، گلیات، کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہونے کا خطرہ ہے، شدید بارشوں /آندھی/جھکڑ چلنے اورگرج چمک کے باعث روزمرہ کے معمولات متاثر ہونے ، کمزور انفرا سٹرکچر (کچے گھر/دیواریں ،بجلی کے کھمبے،بل بورڈز،گاڑیوں سولر پینل وغیرہ)کو نقصان کا اندیشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کل منگل کوکشمیر ، خیبر پختونخوا، اسلام آباد، پنجاب اورگلگت بلتستان میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع۔ اس دوران بالائی خیبر پختونخواہ ، خطہ پو ٹھو ہار، شمال مشرقی پنجاب،کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور حبس رہنے کا امکان ہے،گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا تا ہم اسلام آباد، بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا، شمال مشرقی بلوچستان ، سندھ اور کشمیر میں تیزہوائوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ چند مقامات پر موسلا دھار بارش بھی ہوئی ۔
سب سے زیادہ بارش پنجاب: اسلام آباد(سیدپور 163، گو لڑہ 43، زیرو پوائنٹ 13، بوکرہ 03)، مری، سیالکوٹ(سٹی) 04، خیبر پختونخوا : بالاکوٹ 54، پا را چنار 25، مالم جبہ 03،کا کول 02، چراٹ 02، بلوچستان:خضدار 14، سبی 01، سندھ: تھر پارکر(نگر پارکر 06، ڈپلو 03)، سکھر 04،کشمیر: کوٹلی 06، مظفر آباد 04، اور گڑھی دوپٹہ 02، مٹھی میں 01 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ آج ریکارڈکئے گئے زیادہ سےزیادہ درجہ حرارت: نوکنڈی ،دالبندین 45 اور چلاس میں43سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔