22 پن بجلی گھروں سےگزشتہ مالی 24۔2023 کے دوران نیشنل گرڈ کومجموعی طور پر34ارب43کروڑ60لاکھ یونٹ بجلی فراہم کی ہے،ترجمان واپڈا

133
Wapda

لاہور۔6جولائی (اے پی پی):واپڈا کے 22 پن بجلی گھروں نےگزشتہ مالی 24۔2023 کے دوران نیشنل گرڈ کومجموعی طور پر34ارب43کروڑ60لاکھ یونٹ بجلی فراہم کی ہے۔ ترجمان کے مطابق واپڈا پن بجلی کی یہ پیداوارمالی سال23۔2022کی نسبت 3ارب26کروڑ60لاکھ یونٹ زیادہ ہے، واپڈا نے پن بجلی کی اضافی پیداوار آبی ذخائرمیں پانی کی بہتر صور ت حال اور پن بجلی گھروں کے موثر آپریشن اور دیکھ بھال کی بدولت حاصل کی،واپڈاپن بجلی کی اضافی پیداوار سے ملکی خزانے کو 143ارب 70کروڑروپے کی بچت ہوئی،اگر بجلی کی اتنی ہی مقدار درآمدکئے گئے فرنس آئل سے پیدا کی جاتی تو قومی خزانے کو143ارب 70کروڑروپے کی اضافی رقم خرچ کرنا پڑتی۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ کہ ملک بھر میں واپڈا پن بجلی گھروں کی مجموعی پیداواری صلاحیت تقریباساڑھے9ہزارمیگاواٹ ہے،واپڈا پن بجلی ملک میں پیدا ہونے والی سستی ترین بجلی ہے جبکہ واپڈاپن بجلی کا ٹیرف محض 3روپے81پیسے فی یونٹ ہے جو صارفین کیلئے بجلی کا ٹیرف کم سطح پر رکھنے میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ مالی سال کے دوران پن بجلی کی پیداوار کے اعدادو شمار کے مطابق تربیلاسے 13ارب42کروڑ40لاکھ یونٹ، تربیلا چوتھے توسیعی منصوبے سے 4ارب67کروڑ20لاکھ یونٹ، غازی بروتھاسے 6ارب55کروڑ60لاکھ یونٹ، منگلا سے 5ارب27کروڑ60لاکھ یونٹ، نیلم جہلم سے76کروڑ20لاکھ یونٹ جبکہ واپڈا کے دیگر پن بجلی گھروں سے 3ارب74کروڑ70لاکھ یونٹ پن بجلی نیشنل گرڈ کو مہیا کی گئی،

واپڈا نیشنل گرڈ میں سستی پن بجلی کا تناسب بڑھانے کے لیے مربوط پروگرام پر عمل کررہا ہے جس کے تحت پانی اور پن بجلی کے شعبوں میں متعددبڑے منصوبے تعمیر کئے جارہے ہیں جو مرحلہ وار مکمل ہوں گے اور ان منصوبوں میں دیامر بھاشاڈیم، مہمند ڈیم، داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ اور تربیلاپانچواں توسیعی منصوبہ شامل ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے ملک میں پن بجلی کی پیداوار11ہزار200میگاواٹ کے اضافہ کے ساتھ ساڑھے9ہزارمیگاواٹ سے بڑھ کر20ہزار 700میگاواٹ ہو جائے گی۔