22کروڑ عوام وزیراعظم عمران خان کے اصولی اورجرات مندانہ موقف کو پسند کرتے ہیں، عثمان بزدار

45
آزمائش کی گھڑی میں ڈیڑھ انچ کی مسجد بنانیوالے بے نقاب ہو چکے،عثمان بزدار

لاہور۔5مارچ (اے پی پی):وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ22کروڑ عوام وزیراعظم عمران خان کے اصولی اورجرات مندانہ موقف کو پسند کرتے ہیں،وزیراعظم عمران خان نے ہمیشہ سیاست میں فیئر پلے کو ترجیح دی ہے،پی ڈی ایم نے ہر موقع پر جمہوری،اخلاقی و سیاسی روایات کی دھجیاں اڑائیں اوراس کا ثبوت اسلام آباد سینیٹ الیکشن ہیں جسے پوری قوم نے دیکھا۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن فاول پلے کی عادی ہے لیکن اپوزیشن کو یہ بات ذہن نشین کرلینی چاہیے کہ وزیراعظم عمران خان کے ہوتے ہوئے کوئی غلط شارٹ نہیں لگا سکتا۔انہوں نے کہا کہ سچے اورکھرے لیڈر کے سامنے کرپٹ عناصر کی کوئی حیثیت نہیں،سینیٹ میں ایک سیٹ کی خاطرپی ڈی ایم نے جمہوری اصولوں کو پامال کیا۔

انہوں نے کہا کہ چندپیسوں کے عوض اپنے ضمیرفروخت کرنے والے ملک وقوم کے مجرم ہیں، پوری قوم کل بھی عمران خان کے ساتھ تھی اورآج بھی عمران خان کے ساتھ ہے۔