لاہور۔23مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یوم پاکستان تحریک آزادی کا روشن باب ہے۔23 مارچ1940 ء کو آزاد وطن کے خواب کو عملی تعبیر دینے کی بنیاد رکھی گئی۔
انہوں نے کہاکہ آج ہم آزاد ہیں لیکن یہ آزادی بہت سی قربانیوں، کاوشوں اور محنتوں کا ثمر ہے، بحیثیت قوم قائداعظم اور ان کی زیر قیادت قرارداد پاکستان منظور کرنیوالے مسلم لیگی اکابرین کوشاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں،23 مارچ کا دن جذبوں کی تعمیراور خوابوں کی تعبیر کا دن ہے۔ انہوںنے کہاکہ حصول آزادی کا سفر کبھی آسان نہیں ہوتا،پاکستان کی منزل پانے کیلئے ہمارے آبائواجدادکو آگ اور خون کے دریائوں سے گزرنا پڑا، قائداعظم کی ولولہ انگیز قیادت میں بے شمار قربانیاں دے کر الگ وطن کی جدوجہد کامیاب ہوئی۔
انہوں نے کہاکہ برصغیر میں بسنے والی مختلف نسلیں، قبیلے اور فرقے ایک قوم بننے کا فیصلہ نہ کرتے تو پاکستان کا معجزہ کبھی ظہور پذیر نہ ہوپاتا۔انہوں نے کہاکہ قیام پاکستان سے تعمیر پاکستان کا سفر بتدریج جاری اور اس میں قوم کے ہر فرد کو آگے بڑھ کر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،23 مارچ1940 ء والے جذبے، عزم اور یکجہتی کو اپنا کر وطن عزیز کو آگے لے کر جائیں گے۔