مکہ مکرمہ ۔20اپریل (اے پی پی):سعودی عرب کے ادارہ امن عامہنے 23 اپریل سے مکہ شہر جانے والوں کے لیے پرمٹ لازمی قرار دے دیا ، چیک پوسٹوں پر متعین اہلکاروں کو پرمٹ چیک کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔
اخبار 24 کے مطابق ادارہ امن عامہ کی جانب سے جاری تفصیلی بیان میں کہا گیا ہے کہ 25 شوال 1446 ہجری بمطابق 23 اپریل 2025 سے مکہ شہر جانے والے تمام راستوں پر موجود چیک پوسٹوں کے ذمہ داروں کو مطلع کر دیا گیا ہے کہ ’مکہ پرمٹ‘ کے بغیر کسی کو جانے کی اجازت نہیں ہو گی۔
حج امور کے تحت مذکورہ تاریخ سے ان تمام غیرملکی کارکنوں کو جن کے پاس مکہ یا مشاعر مقدسہ میں داخلہ پرمٹ نہیں ہوں گے یا ایسے غیرملکی جن کے اقامے مکہ سے جاری نہیں یا حج پرمٹ نہ رکھنے والے افراد کو ضوابط کے مطابق چیک پوسٹ سے لوٹا دیا جائے گا۔ادارہ امن عامہ کا مزید کہنا ہے کہ حج ضوابط کے تحت پرمٹ کا اجرا متحدہ پورٹل ’منصہ تصریح‘ کے ذریعے کیا جا رہا ہے جو ابشر یا مقیم پورٹل سے لنک ہے۔پورٹل سے مقررہ ضوابط کے مطابق ’مکہ پرمٹ‘ حاصل کرنے کے بعد ہی شہر میں داخلے کی اجازت ہو گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=584657