23 مارچ 1940ء کا دن ہماری قومی تاریخ میں سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے، یوم پاکستان پر چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کا پیغام

201

پشاور۔ 22 مارچ (اے پی پی):چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ نے کہا ہے کہ 23 مارچ 1940ء کا دن ہماری قومی تاریخ میں سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ دن ہمیں عزم پاکستان اور ان قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو ہمارے آباؤ اجداد نے اس عظیم مملکت کے قیام کے لیے دیں۔

ہمیں اس دن کی اصل روح کو سمجھتے ہوئے اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھانے کا عہد کرنا ہوگا۔حکومتِ خیبرپختونخوا اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ ہم گڈ گورننس، میرٹ، قانون کی بالادستی، شفافیت اور عوامی خدمت کو یقینی بناتے ہوئے پاکستان کو قائداعظم اور علامہ اقبال کے خوابوں کے مطابق ایک عظیم ملک بنانے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

ہماری اولین ترجیح عوام کو معیاری تعلیم، بہترین صحت کی سہولیات، روزگار کے مواقع اور امن و استحکام فراہم کرنا ہے۔ یہ دن ہم سے اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ ہم اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ایمانداری اور دیانتداری سے اس ملک و قوم کی خدمت کریں۔

یہی ہمارے اکابرین کی جدوجہد کا تقاضا اور یومِ پاکستان کا پیغام ہے۔ پاکستان زندہ باد!