25 اگست سے جنوب مشرقی /زیریں سندھ میں شدید بارشوں کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آنے کا خطرہ ہے،محکمہ موسمیات

152
Heavy rain
Heavy rain

اسلام آباد۔24اگست (اے پی پی):محکمہ موسمیات نے 25 اگست سے جنوب مشرقی /زیریں سندھ میں شدید طوفانی بارشوں کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آنے کا خطرہ ظاہر کیا ہے، شدید بارشوں ،آندھی، جھکڑ چلنے اورگرج چمک کے باعث روزمرہ کے معمولات متاثر ہونے ، کمزور انفرا سٹرکچر ( کچے گھر، دیواریں ،بجلی کے کھمبے،بل بورڈز،گاڑیوں اور سولر پینل وغیرہ )کو نقصان اورسڑکوں کی بندش کا اندیشہ ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق( کل) اتوار کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنےکا امکان ہے۔

تاہم سندھ،بالائی خیبر پختونخوا ، مشرقی بلوچستان، مشرقی پنجاب،خطہ پوٹھوہار،اسلام آباد اور کشمیرمیں چند مقامات پر تیز ہواؤں ، جھکڑ چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ اس دوران جنوب مشرقی/زیریں سندھ میں کہیں کہیں طوفانی/شدید بارش بھی متوقع ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اورمرطوب رہا۔تاہم بالائی خیبر پختونخوا ،شمال مشرقی پنجاب ،جنو ب /مشر قی سندھ ، خطہ پوٹھوہار، اسلام آباد اور کشمیر میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔سب سے زیادہ بارش خیبرپختونخوا:کاکول13،بونیر01،پنجاب:جوہرآباد08،اسلام آباد(زیروپوائنٹ07،گولڑہ01)،سرگودھا04،لاہور (سٹی03، ائیر پورٹ02)، سیالکوٹ(ائرپورٹ02،سٹی01)،گجرات،اوکاڑہ،بہاولپور 02،سندھ : حیدر آباد 05،کشمیر : راولا کو ٹ میں 04ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ہفتہ کو ریکارڈکیے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت: نوکنڈی 42اورسبی میں 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔