پاک فوج نے جانوں کی قربانیاں دے کر ملک کو بچایا ہے،پاک افغان بارڈر پر آمد و رفت کے لئے امیگریشن کو آسان بنایا جائیگا،شیخ رشید

73

وانا ۔4جون (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاک فوج نے جانوں کی قربانیاں دے کر ملک کو بچایا ہے،پاک افغان بارڈر پر آمد و رفت کے لئے امیگریشن کو آسان بنایا جائیگا،جنوبی وزیرستان میں انٹرنیٹ کی سہولت مہیا کردی گئی ہے،جرگے کی روایت کا حامی ہوں ، علاقے کی روایات کے مطابق قوانین کا نفاذ ہونا چاہیے،علاقے کو مزید ترقی دینے کے لئے فنڈز فراہم کئے جائیں گے۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار جمعہ کو ساوتھ وزیرستان سکاوٹس کیمپ آمد اور جنوبی وزیرستان کے قبائلی عمائدین کے جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کیا،آئی جی ایف سی کے پی ساؤتھ میجر جنرل محمد عمر بشیر بھی جرگے میں موجود تھے،عمائدین نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور روایتی پگڑی پیش کی ۔

عمائدین نے اپنے خطاب میں افواج پاکستان کو قیام امن اور علاقائی ترقی کے حوالے سے زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ عمائدین نے وزیر داخلہ کو علاقائی مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا۔ ان کے حل کے حوالے سے تجاویز بھی پیش کیں۔اس موقع پر وزیر داخلہ نے افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے جانوں کی قربانیاں دے کر پاکستان کو بچایا،انہوں نے افواج پاکستان سے ملکر علاقے میں پائیدار امن اور ترقی میں کردار ادا کرنے پر عمائدین کا شکریہ ادا کیااور کہا کہ آپ پاکستان سے محبت کرنے والے لوگ ہیں۔پوری قوم کو آپ پر فخر ہے،آپ ایک بہادر اور غیور قوم کے لیڈران ہیں۔پاکستان دشمنوں کو مٹانے میں آپ کا کردار قابل فخر ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پاک افغان بارڈر پر آمد و رفت کے لئے امیگریشن کو آسان بنایا جائیگا،جرگے کی روایت کا حامی ہوں۔اس علاقے کو اپنی روایات کے مطابق قوانین کا نفاذ ہونا چاہیے،جرگہ ایک بہترین متبادل نظام انصاف ہے۔اسے علاقے میں مروج ہونا چاہئے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ جنوبی وزیرستان میں انٹرنیٹ کی سہولت مہیا کردی گئی ہے،علاقے کو مزید ترقی دینے کے لئے فنڈز فراہم کئے جائیں گے،فاٹا کو خیبر پختونخواہ کے ساتھ ضم کرنے کے مثبت اثرات جلد سامنے آئیں گے، پسماندہ علاقوں کو زیادہ وسائل فراہم کرینگے۔