وفاقی وزیراسد عمر کا بغیر کسی پروٹوکول کے کراچی کے مختلف علاقوں کی گلی کوچوں کا دورہ

65

کراچی۔13جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقیات اور خصوصی اقدامات اسد عمر نے اتوار کو بغیر کسی پروٹوکول کے شہر کے مختلف علاقوں کی گلیوں کا دورہ کیا اور مقامی لوگوں کو درپیش مسائل سنے۔ پی ٹی آئی کے قانون سازوں اور پارٹی کارکنوں کے ہمراہ وفاقی وزیر نے برنس روڈ ، گلشن اقبال اور گلستان جوہر کی سڑکوں پر موٹرسائیکل پر سفر کیا تاکہ شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں ، کھیلوں کے میدانوں اور سڑک کی مرمت کے کاموں کا جائزہ لیا جاسکے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ پی ٹی آئی کی زیرقیادت وفاقی حکومت شہر کی عظمت رفتہ کو واپس لانے کے لئے کراچی میں تجاوزات مافیا کے خلاف لڑ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کو یہ بات ناگوار گذررہی ہے کہ پی ٹی آئی عملی طور پرشہر میں ترقیاتی کام کررہی ہے۔

وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کے لئے یہ ناقابل برداشت ہے کہ وفاقی حکومت کراچی کی گلیوں اور سڑکوں پر ترقیاتی کام کیوں کررہی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ سندھ کی صوبائی حکومت نے صوبے کے میگا شہر کو یکسر نظرانداز کیا ہے کیونکہ کئی دہائیوں سے اب تک کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوئے ہیں،وفاقی حکومت روشنیوں کے شہر میں ترقیاتی کام جاری رکھے گی۔

اسد عمر نے کہا کہ سندھ ملک کا حصہ ہے اور صوبے کے عوام کا حق ہے کہ ان کی فلاح و بہبود پر بھی رقوم خرچ کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کے مقامی لوگ بھی وفاقی حکومت کی کارکردگی سے خوش ہیں کیونکہ انہوں نے دیکھا ہے کہ وفاقی حکومت کراچی کی ترقی میں گہری دلچسپی لے رہی ہے۔

اس موقع پر پی ٹی آئی کے ایم پی اے خرم شیر زمان نے کہا کہ ماضی میں اراکین پارلیمنٹ ٹھیکیداروں سے کمیشن / رشوت لیتے تھے تاہم اب معاملات بالکل بدل چکے تھے۔ انہوں نے کہا کہ برنس روڈ کے علاقے میں سڑک کی مرمت ، اسٹریٹ لائٹ کی تنصیب اور سیوریج نظام میں بہتری سمیت ترقیاتی کاموں کے لئے تاجروں سے بھی مشاورت کی گئی۔

انہوں نے کہا اگرچہ یہ صوبائی حکومت کا کام ہے لیکن وفاقی حکومت نے کراچی کے شہریوں کو پیپلز پارٹی کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا۔ اس موقع پر معروف تاجر عتیق میر نے بھی کراچی میں ترقیاتی کاموں کے لئے وفاقی حکومت کی کاوشوں کو سراہا۔