اسلام آباد۔26اکتوبر (اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ 27 اکتوبر کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے اور کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کو بے نقاب کرنے کا دن ہے، 27 اکتوبر 1947 کو بھارتی افواج نے سری نگر میں داخل ہو کر کشمیر پر غاصبانہ قبضے کی کوشش کی، تاریخ بھارت کے اس غیر قانونی اور شرمناک عمل کو ہمیشہ سیاہ دن کے طور پر یاد رکھے گی۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف میڈیا کی طرف سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہاراسپیکر قومی اسمبلی نے یوم سیاہ کے حوالے سے اپنے پیغام میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ حق خود ارادیت کشمیری عوام کا بنیادی حق ہے اور کشمیر کے عوام نے اس حق کے حصول کے لیے ناقابلِ فراموش قربانیاں دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نے کشمیری عوام کے اس حق کو ظلم و بربریت سے دبانے کی ہر ممکن کوشش کی، مگر کامیاب نہ ہو سکا اور نہ ہی آئندہ ہو سکے گا۔ سردار ایاز صادق نے 5 اگست 2019 کے بھارتی اقدامات کو عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا اور کہا کہ بھارت کو ان غیر قانونی اقدامات کو واپس لینا چاہیے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرنی چاہئیں۔ سردار ایاز صادق نے بھارت کی جانب سے آئین میں تبدیلی اور مقبوضہ کشمیر میں کرائے گئے جعلی انتخابات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام نے ان اقدامات کو مکمل طور پر رد کیا ہے۔
اسپیکر نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی حق خود ارادیت کی مکمل حمایت اور ان سے یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔انہوں نے کشمیر کی تحریک آزادی کے ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ہمیشہ سنہری حروف میں یاد رکھا جائے گا۔ اسپیکر سردار ایاز صادق نے مسئلہ کشمیر کو تقسیم پاک و ہند کا نامکمل ایجنڈا قرار دیتے ہوئے کہا کہ خطے میں دیرپا امن کے لیے اس مسئلے کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے۔
اسپیکر نے مزید کہا کہ پاکستان ہر سطح پر کشمیری عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا اور اس ضمن میں عالمی و علاقائی فورمز پر آواز بلند کرتا رہے گا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے عالمی برادری پر بھی زور دیا کہ وہ تنازعہ کشمیر اور فلسطین کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔