کوئٹہ۔21اکتوبر (اے پی پی):پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سردار خادم حسین وردگ نے کہا ہے کہ 27 اکتوبر 1947ء انسانی تاریخ کا سیاہ ترین باب ہے اس سیاہ باب کو ہم ہمیشہ یوم سیاہ کے طور پر ہی منائیں گے ، بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں دہشت کی فضا قائم کر رکھی ہے۔ بھارتی مظالم کے خلاف پی ٹی آئی بلوچستان بھرمیں یوم سیاہ منائے گی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’اے پی پی ‘‘سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ بھارتی افواج کے ظالمانہ ہتھکنڈوں اور ظلم و جبر کے باوجود کشمیری اپنے حق خود ارادیت کے مطالبہ سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹے، بھارت نوشتہ دیوار پڑھ لے اور تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کیلئے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل کرے، پاکستان مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کا ظلم و جبر آج بھی جاری ہے، عالمی برادری سے وعدوں اور جموں و کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی کئی قراردادوں کے باوجود بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر میں دہشت کی فضاء قائم کر رکھی ہے۔ سردار خادم حسین وردگ نے کہا کہ پی ٹی آئی مسئلہ کشمیر کو ہر فورم پر اجاگر کررہی ہے اور انشا ء اللہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں کشمیر پاکستان بن کر رہے گا۔