راولپنڈی۔ 27 مئی (اے پی پی):چیئرمین وزیر اعلیٰ پنجاب انسپکشن ٹیم راجہ محمد حنیف نے کہا ہے 28 مئی 1998 کا دن ہماری تاریخ میں ایک سنہری باب کی حیثیت رکھتا ہے۔ پاکستان نے ایٹمی تجربات کر کے پوری دنیا کو یہ پیغام دیا کہ ہم اپنی خودمختاری، سلامتی اور قومی وقار پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ یومِ تکبیر کے موقع پر اپنے حلقے کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ محمد حنیف نے قائد مسلم لیگ (ن) اور سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عالمی دباؤ اور اندرونی رکاوٹوں کے باوجود قومی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے جرات مندانہ فیصلہ کیا۔
میاں نواز شریف نے ثابت کیا کہ ایک بااصول، باعزم اور وطن سے محبت کرنے والی قیادت ہی قوموں کی تقدیر بدلتی ہے۔ ان کی بے مثال قیادت اور سیاسی دانشمندی نے پاکستان کو اسلامی دنیا کی پہلی ایٹمی طاقت بنا دیا۔انہوں نے کہا کہ یومِ تکبیر نہ صرف ہماری دفاعی خود کفالت کا دن ہے بلکہ یہ قومی اتحاد، یکجہتی اور قومی غیرت کی علامت بھی ہے۔
اس دن ہمیں اپنے اُن تمام ہیروز کو خراجِ تحسین پیش کرنا چاہیے جنہوں نے اس مشکل اور نازک وقت میں قوم کی رہنمائی کی۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اس دن کی اہمیت سے اپنی نوجوان نسل کو بھی آگاہ کرنا چاہیے تاکہ وہ ملکی خودمختاری، سائنس و ٹیکنالوجی، اور قومی حمیت کی اہمیت کو سمجھ سکیں اور وطن عزیز کی خدمت میں اپنا کردار ادا کریں۔راجہ محمد حنیف نے کہا کہ ہمیں اس دن کے موقع پر یہ عہد کرنا چاہیے کہ ہم اپنے وطن کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کے لیے ہر ممکن قربانی دیں گے۔
ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد، یکجہتی اور قومی یکسوئی کو فروغ دینا ہوگا تاکہ ہر چیلنج کا کامیابی سے سامنا کیا جا سکے۔آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہمیشہ سلامت رکھے، اسے ترقی و استحکام سے نوازے، اور ہمیں اپنے وطن کی خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔