ٹنڈومحمدخان ۔ 26 اکتوبر (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر ٹنڈومحمدخان شاہ زیب شیخ نے کہا کہ 28 اکتوبر سے شروع ہونے والی پولیو مہم میں 1 لاکھ 58 ہزار 675 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے، پولیو مہم کے دوران کسی قسم کی کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔یہ بات انہوں نے ڈسٹرکٹ کمپلیکس ہال ٹنڈومحمدخان میں پولیو مہم اجلاس سے خطاب کے دوران کہی، ان کا کہنا تھا کہ پولیو مہم کے حوالے سے کی جانے والی کوششیں قابلِ تعریف ہیں، اس کے باوجود ملک اور صوبے میں پولیو کے پازیٹو کیسز کی وجہ سے جو صورتحال ہے اسے مدنظر رکھتے ہوئے ہمیں مزید محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی صورت میں پولیو ویکسین سے انکار برداشت نہیں کیا جائے گا، اگر کوئی میڈیکل بنیاد پر انکار کرتا ہے تو اس کا میڈیکل سرٹیفکیٹ فراہم کیا جائے، اگر کسی بھی عملے کی جانب سے پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے میں کوتاہی پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔انہوں نے تحصیل فوکل پرسن کی جانب سے ڈیٹا بروقت شیئر کرنے کی ہدایت کی، فوکل پرسن اور یوسی ایم اوز اپنی ذمہ داریاں صحیح طریقے سے سرانجام دیں اور اسسٹنٹ کمشنرز مائیکرو پلان کو دوبارہ چیک کریں، کوریج سیم ڈے کی جائے اور اس کی اہمیت کو محسوس کیا جائے، زیرو ڈوز بچوں کی روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ فراہم کی جائے۔\
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=517238