لاہور۔28مئی (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ 28 مئی کا دن پاکستان کے دفاع اور خودمختاری کی تاریخ میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔وہ یوم تکبیر کے موقع پرصوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ کے ہمراہ باٹا پور میں یوم تکبیر کے حوالے سے عوامی اجتماع سے خطاب کررہے تھے۔
مسلم لیگ ن کے کارکنان عہدیداران اور عوام کی کثیر تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ اگر 28 مئی 1998 کو نواز شریف دھماکے نہ کرتے تو آج خطے کی صورتحال مختلف ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے نیلم جہلم پراجیکٹ سمیت پاکستان پر حملے کی ہر ممکن کوشش کی تاہم ہماری بہادر مسلح افواجِ نے بھرپور جواب دے کر پاکستان کا سر فخر سے بلند کر دیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے واضح کیا کہ اگر ہندوستان دوبارہ حملے کی کوشش کرے گا تو اسے منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
پاکستان پہل نہیں کرے گا لیکن دفاع میں کسی قسم کی کمی نہیں چھوڑی جائے گی۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ پہلگام واقعہ کے بعد پاکستان نے غیر جانبدار ممالک سے تحقیقات کرانے کی پیشکش کی تاکہ اصل حقائق دنیا کے سامنے آسکیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی سازش ناکام ہوئی اور بھارت کو نہ صرف سفارتی بلکہ جنگی میدان میں بھی شکست ہوئی۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی کی مہربانی سے پاکستان سرخرو ہوا اور یہ ثابت ہوگیا کہ پاکستان نہ صرف ایٹمی بلکہ سفارتی محاذ پر بھی مضبوط ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان جنگ نہیں چاہتا لیکن مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرکے اس کا حل چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ ایک بار پھر دنیا کے سامنے آیا ہے اور حکومت اور افواج پاکستان نے مل کر اس کو عالمی سطح پر اجاگر کیا ہے۔ بلوچستان میں چند عناصر بیرونی فنڈنگ پر ملک میں انتشار پھیلانے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن عوام اور افواج پاکستان متحد ہیں۔
ایاز صادق نے کہا کہ وہ الیکشن کمپین کے دوران گرمی اور بخار کے باوجود عوام کے مسائل کے حل کے لئے پرعزم تھے۔ انہوں نے وزیراعلی پنجاب کی عوامی خدمت اور دن رات کی محنت کو سراہا۔یوم تکبیر کی اس تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی اور پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے پر نواز شریف اور افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا۔