29.4 C
Islamabad
جمعرات, مئی 29, 2025
ہومقومی خبریں28 مئی 1998 پاکستان کی دفاعی تاریخ کا سنہرا دن ہے، چیئرمین...

28 مئی 1998 پاکستان کی دفاعی تاریخ کا سنہرا دن ہے، چیئرمین سینیٹ

- Advertisement -

اسلام آباد۔27مئی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ 28 مئی 1998 پاکستان کی دفاعی تاریخ کا سنہرا دن ہے، جو ہمیں اُن تمام عظیم رہنماؤں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے کی بنیاد رکھی۔ یومِ تکبیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ اس تاریخی سفر کا آغاز بانی ایٹمی پروگرام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے کیا ۔ اُن کے اس وژن اور دور اندیشی نے پاکستان کو وہ سمت عطا کی جس کا ثمر ہمیں 1998 میں ملا۔چیئرمین سینیٹ نے شہید بینظیر بھٹو کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بینظیر بھٹو نے اپنے والد کے ایٹمی وژن کو نہ صرف برقرار رکھا بلکہ بطور وزیر اعظم قومی ایٹمی پروگرام کی بھرپور سرپرستی کی۔

انہوں نے سائنسدانوں کو ہر ممکن سہولت دی اور بین الاقوامی دباؤ کے باوجود قومی مفاد کو مقدم رکھا۔ محترمہ کا کردار ہماری تاریخ میں سنہرے الفاظ میں لکھا جائے گا۔یوسف رضا گیلانی نے موجودہ قیادت، مسلح افواج، سائنسدانوں اور قوم کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ یومِ تکبیر ہمیں یاد دلاتا ہے کہ جب قوم متحد ہو تو وہ ہر چیلنج کا مقابلہ کر سکتی ہے۔ یہ دن نہ صرف فخر کا باعث ہے بلکہ ہمیں اس بات کا عہد بھی دلاتا ہے کہ ہم اپنی خودمختاری، قومی سلامتی اور دفاع پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔

- Advertisement -

انہوں نے مزید کہا کہ آج ہمیں اپنی نوجوان نسل کو یہ پیغام دینا ہے کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام ایک دفاعی صلاحیت ہے اور ہم امن کے داعی ہیں، مگر کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ یومِ تکبیر کے اس بابرکت دن پر ہم ان تمام شہداء، سائنسدانوں، محب وطن رہنماؤں اور افواجِ پاکستان کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے اس ملک کی حفاظت کے لیے اپنی زندگیاں وقف کیں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=602182

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں