لاہور۔28مئی (اے پی پی):وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ 28 مئی پاکستان کی تاریخ میں قومی دفاع اور خودمختاری کی علامت ہے۔ وہ بدھ کو لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی میں یومِ تکبیر کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے نوجوانوں کی شاندار صلاحیتوں کا ذکر کرتے ہوئے لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کی طالبہ امِ حبیبہ اور پاکستانی اولمپیئن خواجہ جنید کی کارکردگی کو سراہا۔
رانا مشہود نے کہا کہ پاکستانی میڈیا نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران ذمہ دارانہ اور حقائق پر مبنی رپورٹنگ کی، جبکہ بھارتی میڈیا نے جھوٹا پروپیگنڈہ کیا۔چیئرمین نے سوشل میڈیا پر پاکستان کے موقف کی حمایت کرنے والوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ جو لوگ خاموش رہے، ان کا اس ملک میں کوئی مقام نہیں۔ انہوں نے علامہ اقبال اور قائداعظم کی نظریاتی بنیادوں اور تحریکِ آزادی کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کسی تحفے کے طور پر نہیں بلکہ لاکھوں جانوں کی قربانی کے بعد حاصل ہوا۔رانا مشہود نے کہا کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام بھارتی جارحیت کے مقابلے کے لیے ناگزیر تھا۔ نواز شریف نے امریکی دباو اور اربوں ڈالر کی پیشکش کو ٹھکرا کر پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔ انہوں نے ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور ذوالفقار علی بھٹو کو ایٹمی پروگرام میں کردار ادا کرنے پر خراجِ عقیدت پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے نہ صرف جے ایف 17 اور جے 10 جیسے منصوبے مکمل کیے بلکہ دنیا کو واضح پیغام دیا کہ پاکستان اپنے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
رانا مشہود نے کہا کہ نوجوان نسل ماضی کے ہیروز سے سبق لے اور قومی ترقی میں کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو روایتی یا ہائبرڈ جنگ سے شکست نہیں دی جا سکتی اور قومی اتحاد ملک کی سب سے بڑی طاقت ہے۔ تقریب میں یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس، یونیورسٹی آف ایجوکیشن، کنئیرڈ کالج اور سپیریئر یونیورسٹی کے طلبہ اور اساتذہ بھی شریک ہوئے۔