3 ہزار پاکستانی طالب علموں میں سے اکثریت پہلے ہی یوکرین سے جاچکی ہے، یوکرین میں پاکستانی سفارت خانہ نے پاکستانی شہریوں اور طالب علموں کے انخلاءسے متعلق حقائق نامہ جاری کردیا

74
3 ہزار پاکستانی طالب علموں میں سے اکثریت پہلے ہی یوکرین سے جاچکی ہے، یوکرین میں پاکستانی سفارت خانہ نے پاکستانی شہریوں اور طالب علموں کے انخلاءسے متعلق حقائق نامہ جاری کردیا

اسلام آباد۔27فروری (اے پی پی):یوکرین میں پاکستانی سفارت خانے نے پاکستانی شہریوں اور طالب علموں کے انخلاءسے متعلق حقائق نامہ جاری کردیا۔سفارت خانہ کی ہدایت پر 3 ہزار پاکستانی طالب علموں میں سے اکثریت پہلے ہی یوکرین سے جاچکی ہے۔پاکستانی سفارت خانے کی ہدایت پر 24 فروری کو روس یوکرین تنازعہ شروع ہونے سے قبل 4 ہزار پاکستانی وہاں سے چلے گئے تھے۔

زیادہ تر پاکستانیوں نے یوکرین میں شادیاں کررکھی ہیں۔سفارت خانہ کی ہدایت پر 3 ہزار پاکستانی طالب علموں میں سے اکثریت پہلے ہی یوکرین سے جاچکی ہے۔چھ سے سات سو باقی ماندہ طلباءکا انخلاءجاری ہے۔ اتوار کو یہاںموصولہ بیان کے مطابق ترنوپل، کیف، لیوف میں انخلاءمیں مدد کے لئے مقامات اور فوکل پرسنز کا تعین کیا گیا۔

ترنوپل میں پاکستانی سفارت خانے سے 0038063698264 پر رابطہ کیاجاسکتا ہے۔اسی طرح سے ترنوپل میں پاکستانی سفارت خانے کے نمبروں 00923329184350 اور 00380638282984 پر رابطہ کیاجاسکتا ہے۔

کیف میں +380681734727 میں فوکل پرسن سے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔لیوف میں+380932197175 اور +380637019154 پر سہولت ڈیسک سے رابطہ کیا جاسکتا ہے۔جبکہ سفارت خانہ کی جانب سے ترنوپل میں طالب علموں کو رہائش اور ٹرانسپورٹ فراہم کی گئی ہے۔

اسکے علاوہ جہاں تک ممکن ہو سکا خاص طورپر لیوف کی سرحدی کراسنگ تک طلباءکو پہنچایاگیا۔یوکرین کے مختلف شہروں خاص کر خارکیف، لیوف اور ترنوپل میں گزشتہ دو روز سے رات کا کرفیو نافذ ہے جبکہ گزشتہ دن سے کیف میں چوبیس گھنٹے کا کرفیو نافذ ہے۔

ترنوپل کی ضلعی انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ روشنیاں بندرکھیں اور محفوظ مقامات پر رہیں۔جبکہ آج خارکیف سے ترنوپل تک ٹرین ٹکٹ دستیاب ہیں۔ خارکیف سے طالب علموں کی اکثریت پہلے ہی لیوف پہنچ چکی ہے جہاں سے وہ پولینڈ سرحدکے لئے روانہ ہوچکے ہیں۔

طالب علموں کو پولینڈ، ہنگری، سلوویکیا اور رومانیہ منتقل کیاجارہا ہے۔یوکرین میں پاکستانی سفارت خانہ متعلقہ ممالک میں پاکستانی سفارت خانوں سے اشتراک عمل استوار کئے ہوئے ہے۔یوکرین میں پاکستانی سفارت خانہ پاکستانی طالب علموں کے انخلاءکے لئے تمام ممکنہ کوششیں کررہا ہے۔

یوکرین کی حکومت کے مفلوج ہونے کے باوجود پاکستانی سفارت خانہ ہر طرح سے وہاں پر موجود پاکستانیوں کی مدد کی کوششوں میں مصروف ہے۔پاکستانی سفیر ڈاکٹر نوئل آئی کھوکھر کی گزشتہ روز یوکرین کے داخلی امور کے نائب وزیر سے بات ہوئی۔

پاکستانی سفیر نے پاکستانی شہریوں کے بحفاظت انخلاءمیں سہولت سے متعلق بات چیت کی۔پاکستانی سفارت خانے نے یوکرین اور پولینڈ کی سرحد پر سرحدی کمانڈر سے ملاقات کی درخواست کی اور سرحد پر پھنسے پاکستانیوں کے انخلاءکے مسئلے کو اجاگر کیا۔

یہ بات بھی بتائی گئی کہ 125 پاکستانی شہریوں کو یوکرین سے نکالاجاچکا ہے۔376 پاکستانی یوکرین پولینڈ کی سرحد عبور کرچکے ہیں جبکہ 4 پاکستانی یوکرین رومانیہ کی سرحد عبور کرچکے ہیں اور 9 پاکستانی یوکرین ہنگری کی سرحد عبور کرچکے ہیں۔

خارکیف سے 35 طالب علم لیوف میں قائم سہولت ڈیسک پر آئے۔ دیگر شہروں سے 3 طالب علم لیوف میں قائم سہولت ڈیسک پہنچے۔جبکہ لیوف سے ٹرین کے ذریعے 30 طالب علم پہنچ رہے ہیں۔7 پاکستانی طالب علم ترنوپل پہنچ چکے ہیں۔