وزیراعظم شہباز شریف کا پشاور موڑ سے نیو اسلام آباد ایئرپورٹ میٹرو بس منصوبہ کا دورہ، منصوبہ میں تاخیر کی تحقیقات کا حکم، بہارہ کہو اور روات کے روٹس پر بھی میٹرو بسیں چلانے کیلئے فوری فزیبلٹی تیار کرنے کی ہدایت

وزیراعظم شہباز شریف کا پشاور موڑ سے نیو اسلام آباد ایئرپورٹ میٹرو بس منصوبہ کا دورہ، منصوبہ میں تاخیر کی تحقیقات کا حکم، بہارہ کہو اور روات کے روٹس پر بھی میٹرو بسیں چلانے کیلئے فوری فزیبلٹی تیار کرنے کی ہدایت

اسلام آباد۔14اپریل (اے پی پی):وزیراعظم شہباز شریف نے پشاور موڑ سے نیو اسلام آباد ایئرپورٹ میٹرو بس منصوبہ کا دورہ کیا اور منصوبہ میں تاخیر کی تحقیقات کا حکم اور لوگوں کو سفر کی بہترین اور معیاری سہولیات کی فراہمی کیلئے بہارہ کہو اور روات کے روٹس پر بھی میٹرو بسیں چلانے کیلئے فوری فزیبلٹی تیار کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ جمعرات کو وزیراعظم صبح سات بجے میٹرو بس سروس پر جاری کام کا جائزہ لینے کیلئے پشاور موڑ میٹرو بس کی سائٹ پر پہنچے۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال، انجم عقیل خان، حنیف عباسی، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری اور مریم اورنگزیب بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وزیراعظم کو سی ڈی اے اور این ایچ اے کے حکام نے منصوبہ سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ہفتہ سے 15 بسیں اس روٹ پر چلنا شروع ہو جائیں گی، 5 مئی تک 30 بسیں مزید پہنچ جائیں گی، یہ منصوبہ 2018ء میں مکمل ہونا تھا لیکن تاخیر کا شکار رہا۔ وزیراعظم نے منصوبہ میں تاخیر پر ناراضگی کا اظہار کیا اور کہا کہ 16 ارب روپے خرچ ہو گئے ہیں لیکن اتنا طویل عرصہ یہ منصوبہ التواء کا شکار رہا ہے جو انتہائی قابل افسوس بات ہے، منصوبہ میں تاخیر کا کوئی جواز نہیں بنتا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تاخیر کی تحقیقات کرائی جائیں اور اس مقصد کیلئے کمیٹی تشکیل دی جائے، میں جاننا چاہتا ہوں کہ کیوں فیصلے وقت پر نہیں ہوئے اور اس میں تاخیر کی وجہ کیا ہے، یہ قوم کا پیسہ ہے جس کا لوگوں کو فائدہ نہیں پہنچا، فنڈز عوامی فلاح کے ایسے منصوبوں پر خرچ ہونے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ اس منصوبہ سے لوگوں کو ایئرپورٹ تک آمدورفت میں بہت آسانی ہوگی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ موٹروے پر بھی ایک میٹرو سٹیشن بنایا جائے، موٹروے پر اگر میٹرو سٹیشن نہیں ہوگا تو اس سارے منصوبہ کا لوگوں کو فائدہ نہیں پہنچے گا، اس کیلئے کوئی شٹل سروس ہی کیوں نہ چلانا پڑے موٹروے پر میٹرو سٹیشن ہنگامی بنیادوں پر بنایا جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ الیکٹرانک ٹکٹنگ کا عمل جب تک مکمل نہیں ہوتا ٹکٹوں کا اجراء مینوئل طریقہ سے کیا جائے اور رمضان المبارک میں مفت میٹرو بسیں چلائی جائیں تاکہ اس مقدس مہینے میں شہریوں کو سہولت حاصل ہو۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایئرپورٹ جانے والے مسافروں کے سامان کیلئے بسوں میں سامان رکھنے کی سہولت دی جائے، عوامی مفاد کے منصوبے جلد مکمل کئے جانے چاہئیں۔

وزیراعظم نے اسلام آباد اور گردونواح کے شہریوں کو معیاری اور بہترین سفری سہولیات کی فراہمی کیلئے بہارہ کہو اور روات کے روٹس پر میٹرو بسیں چلانے کیلئے فوری فزیبلٹی تیار کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے میٹرو بس میں سفر بھی کیا اور جاری کام کا معائنہ کیا۔